یونیورسٹی آف لیہ کا پہلا سرپلس بجٹ منظور، 201 اسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ
یونیورسٹی آف کا پہلا سرپلس بجٹ منظور کرلیا گیا، اس سلسلے میں یونیورسٹی آف لیہ کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دین محمد زاہد منعقد ہوا۔
جس میں ہائیر ایجو کیشن کمیشن سے ڈائریکٹر فنانس میڈم ثمینہ درانی، ہائیر ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ سے میڈم سارہ حیات، فنانس ڈیپارٹمنٹ سے ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ کلیم اللہ خان، پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ شبیر ممبر اکیڈمک کونسل ، ڈاکٹر طاہرہ عباس ( ممبر سینڈیکیٹ ) ، ڈاکٹر محمد علی (ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) اور محمد شعیب خان (خزانہ دار ) نے شرکت کی۔
خزانه دار محمد شعیب خان نے یونیورسٹی آف لیہ کا پہلا ما لیتی تخمینہ (بجٹ) برائے سال 23-2022 اور 24-2023 پیش کیا۔
یونیورسٹی کے خزانہ دار آفس کی شبانہ روز محنت اور طلبا پر فیسوں کا کوئی اضافی بوجھ ڈالے بغیر اخراجات کو متوازن طریقے سے کنڑول کرتے ہوئے وائس چانسلر کی بہترین مالیاتی پالیسوں کی بدولت 111 ملین روپے کا منافع بخش ( سر پلس) بجٹ پیش کیا۔
تمام ممبران نے یونیورسٹی کی مالیاتی پالیسوں کو سراہا اور اتفاق رائے سے یونیورسٹی کے مفاد میں بجٹ منظور کیا اس بجٹ میں 201 نئی آسامیوں کی بھرتی کے اخراجات بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ کیلئے یونیورسٹی آف لیہ کو منافع بخش بنانے کےلئے نئے اقدامات کئے جائیں گے ۔