بی اے بی ایس سی کے امتحانات آن لائن نہ لینے پر طلبا کا احتجاج
زکریا یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والے بی اے بی ایس سی کے امتحانات آن لائن نہ لینے پر طلبا کا احتجاج ، یونیورسٹی کا گیٹ سیل، بوسن روڑ چار گھنٹے بند رہی۔
بتایا گیا ہے کہ بی اے بی ایس سی کے امتحانات آئندہ ماہ سے شروع ہو نے ہیں جو فزیکل ہوگا جس پر طلبا وطالبات سراپا احتجاج ہیں کہ ان کے امتحانات آن لائن لئے جائیں۔
گزشتہ روز دوسرے شہروں سے تین بسیں طلبا کی بھر کر یونیورسٹی پہنچ گئیں اور مرکزی گیٹ بند کردیا بوسن روڑ پر دھرنا دیا ، جس کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہوگئی۔
پولیس موقع پر پہنچی ، طلبا کا موقف تھا کہ تمام امتحانات آن لائن ہورہے ہیں ہمارا امتحان بھی آن لائن لیا جائے جس پر مذاکرات ہوئے جو دوگھنٹے جاری رہے۔
جس میں سیکورٹی حکام آر او طاہر محمود ، سیکورٹی آفیسر خلیل احمد کھور ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرامان اللہ اور پولیس حکام بھی شامل تھے، مذاکرات میں یونیورسٹی حکام نے آن لائن لینے کے مطالبے کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایچ ای سی کے قوانین کے مطابق یہ ممکن نہیں ہے اس لئے اس پر بات نہیں ہوسکتی ، تاہم طلبا کو پیپر وں کی مارکنگ میں اضافی نمبر دینے کےلئے تجاویز اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس پر احتجاج ختم کردیا گیا اور ساڑھے تین بجے گیٹ سے ٹریفک بحال کردی گئی۔