زکریا یونیورسٹی : ایمپلائز یونین کے الیکشن آج ہوں گے، تین گروپ میدان میں آمنے سامنے
زکریا یونیورسٹی کی ایمپلائز یونین کے الیکشن آج ہورہے ہیں، جس کےلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
الیکشن کمشنر رانا لیاقت کے مطابق شفاف الیکشن کےلئے تیاریاں مکمل ہیں، 2000 سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ملتان میں 18پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں، جبکہ لیہ ، وہاڑی اور لودھراں میں بھی پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔
الیکشن میں تین گروپ فرینڈ ملازمین متحدہ محاذ جس کا انتخابی نشان شیر، پروگریسو لبرل گروپ جس کا نشان پرچم اور تیسر ا فرینڈ گروپ جس کا نشان پھول ہے شرکت کررہے ہیں۔
دوسری طرف سیاسی گروپس نے جیت کا دعویٰ کیا ہے اور برتری ظاہر کی ہے ، فرینڈ متحدہ محاذ کے ملک صفدر حسین ، رانا مدثر اور امین سمرا کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت کے نتائج آنے والے ہیں، ہم نے اپنے دور میں ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے، برسوں سے ڈیلی ویجز رہنے والے ملازمین کو مستقل کرایا، جو ہماری جیت کے لئے سب سے زیادہ پرجوش ہیں، اور ان کی حمایت ہی ہمیں الیکشن میں برتری دلائے ہوئے ہے، اور آج جیت فرینڈ گروپ کا مقدر ہوگی۔میڈیکل کیس کے مدعی غلام حر غوری تھے، جنہوں نے کیس کی پیروی نہیں کی، جس کی وجہ سے آج سب کو ان مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، مگر ہم نے اس کےلئے کوشش شروع کردی ہے، اور فوری طور پر اپیل میں جانے کےلئے وکلا کی خدمات حاصل کرلی ہیں، ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسرے بڑے گروپ پروگریسو لبرل گروپ کے غلام حر غوری اور ندیم بوسن کا کہنا ہے کہ ہماری خدمات کسی سے چھپی نہیں ہیں، ملازمین کو مستقل کرانے کا معاملہ ہم نے شروع کیا تھا، سینڈیکیٹ کے منٹس اس کاثبوت ہیں، ہم کرپشن سے پاک ملازمین کی خدمت کا عزم لیکر آئے ہیں، امید ہے وہ ہم پر اعتماد کا اظہار کریں گے، اور جیت کا سہرا باندھیں گے۔
فرینڈز گروپ کے شاہد موتھا اور قاسم سنجرانی کا کہنا تھا کہ ہم نے سارا سال ملازمین کی خدمت کی، غمی خوشی میں ساتھ کھڑے رہے ہیں، ایسے مسائل جو یونین کو حل کرنا چاہیں تھے ہم نے ملازمین کو ریلیف دلایا، جس کی وجہ سے ملازمین کو اعتماد ہم پر بڑھا ہے، ہم بڑا اپ سیٹ کرسکتے ہیں، ملازمین کی خاموش حمایت ہمیں حاصل ہے ۔