جامعہ زکریا: فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں بروسیلوسس (اسقاط حمل) کے کنٹرول بارے سیمینار
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں بروسیلوسس (اسقاط حمل) کے کنٹرول کے زیر نظر پالیسی گائیڈ لائنز مرتب کرنے کے لیے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس ورکشاپ کا انعقاد زرعی لنکجز پروگرام (پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل) کے پراجیکٹ کے تحت عمل میں لایا گیا جس کے مرکزی تحقیق کار پیتھو بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اویس تھے۔
اس ورکشاپ کے پیٹرن ان چیف وائس چانسلر بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال اور مہمان خصوصی لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب سے سیکرٹری لائیوسٹاک ساوئتھ پنجاب ڈاکٹر اضفر ضیا بھی موجود تھے۔
اس ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر رضا حمید نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد ڈاکٹر میاں محمد اویس نے شرکاء کو ورکشاپ کے مقاصد سے آگاہ کیا اور یہ بتایا کہ یہ ورکشاپ ایگریکلچرل لنکجز پروگرامز کے ایک تحقیقی پراجیکٹ کے تحت منعقد کیا گیا ہے، جس کا مقصد اسقاط حمل کی روک تھام کے لیے ون ہیلتھ ایجنڈا کے تحت پالیسی گائیڈلائینز مرتب کرنا ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلاو پر قابو پا کر اس سے ہونے والی معاشی نقصانات سے بچا جا سکے۔
اس کے بعد مہمان خصوصی مسٹر اضفر ضیا نے شرکا سے خطاب کیا اور یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کو سراہا اور آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے بروسیلوسس کے نہایت ہی اہم موضوع کو زیر غور لا کر اس کی اہمیت کو اجا گر کرنے کے لیے یہ کاوش کی۔
بعد ازاں وائس چانسلر بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے شرکا سے خطاب کیا اور مہمان خصوصی جناب اضفر ضیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے مصروفیات سے وقت نکال کر اس ورکشاپ کو زینت بخشی اورڈیپارٹمنٹ اور یونیورسٹی کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا اور پراجیکٹ کے تحت منائے جانے والے فارمرز آگاہی سیمینارز کو بھرپور سراہا اور آرگنائزرز کی حوصلہ افزائی کی۔
افتتاحی تقریب کے بعد وائس چانسلر اور سیکرٹری لائیوسٹاک نے فیکلٹی میں یادگاری کے طور پر پودے بھی لگائے۔ پروگرام کے ٹیکنیکل سیشن میں ڈاکٹر میاں محمد اویس ، ڈاکٹرحامد ارشاد ، ڈاکٹر عبدالسبحان اور ڈاکٹر اعتزاز احسن نے اپنی تحقیق کے بارے میں شرکا کو آگاہی دی ۔
بعد ازاں تمام شرکا کی مشترکہ کاوش سے ایک پالیسی گائیڈلائن تجاویز پر مبنی ایک بنیادی دستاویز تشکیل دی گئی۔
اس ورکشاپ میں 15 سے زیادہ آرگنائزیشنز سے ماہرین نے شرکت کی جس میں لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب ، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاوالپور ، یونیورسٹی آف ویٹرنیر ی اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور پاکستان زرعی تحقیقاتی ادارہ اسلام آباد سرفہرست تھے۔
اس تقریب میں خطے کے لائیوسٹاک فارمرز کو بھی مدعو کیا گیا تاکہ ان کی مشاورت کو بھی زیر غور لایا جا سکے۔
اس موقع پر فارمرز کو اس بیماری کی بروقت تشخیص اور یونیورسٹی میں تشخیصی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ مزید براں فارمرز کے سوالات کا بھی ماہرانہ انداز میں جواب دیا گیا۔
اس تقریب کو کامیاب بنانے میں ایویروز لیبارٹریز اسلام آباد اور ٹیروبینا کارپوریشن لاہور نے ڈیپارٹمنٹ آف پیتھوبیالوجی کے ساتھ مشترکہ معاونت کی اور اس ورکشاپ کو منعقد کرنے میں بھرپور تعاون کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں ۔