ویمن یونیورسٹی ملتان میں جاری انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر
ویمن یونیورسٹی ملتان میں جاری دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اس اعلامیہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی کہ جدید زرعی طریقوں کو نافذ کرنا ہوگا اور خوراک کی عالمی طلب کو پورا کرنے کےلئے پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق زراعت، صحت اور غذائی تحفظ میں پائیدار ترقی بارے تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں سو سے زائد ملکی اور غیر ملکی ماہرین زراعت شرکت کی۔
اختتامی روز اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ خوراک کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو پورا کرنے کیلئے پیداوار میں اضافہ بہت ضروری ہے، اس مقصد کے لئے جدید زرعی طریقوں کو نافذ کرنا، فصلوں کی پیدوار کو بہتر بنانا، پائیدار کاشتکاری کی تکنیک کو فروغ دینا، اور زرعی تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے، ہر فرد کو خوراک تک رسائی حاصل کرنے کے حق کو یقینی بنائیں خوراک کے حق کو تسلیم کرنے کے باوجود دنیا کو مزید اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔
خوراک کے حق کے حصول کے لئے ہمارے چھوٹے کاشتکاروں کاشتکاروں کی راہنمائی کے لئے حکمت عملی طے کی جائے۔ مقامی کمیونیٹیز کو با اختیار بنانے والے طریقوں پر توجہ مرکوز کر کے، خوراک کا ایک ایسا نظام تشکیل دے کر موجودہ اور آنے والی نسلوں کی ضروریات کو کسی حد تک پورے کرنے میں مدد مل سکے۔
پائیدار زرعی طریقوں میں سرمایہ کاری ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھتے ہوئے پیداوری صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے پالیسی سازوں کو ملکی ضروریات کے پیش نظر خوراک کے تحفظ کو ترجیح دیں اور ایسے منصوبے تیار کریں جو پائیدار ترقی کی ضمانت دیں۔
خوراک کی تقسیم کے نظام کو مساوی اور بہتر بنائیں صحت کی سہولیات تمام شہریوں کا حق ہے ہسپتالوں کو محفوظ بنانا ہوگا، کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام اور علاج کےلئے آگاہی مہم شروع کرنا ہوگی۔
کینسر سروائیورشپ زندگی کا جشن منانے کے لیے کینسر سے لڑنا ہوگا۔
کانفرنس کے دوسرے روز انسانی صحت کے حوالے سے ریسرچ پیپر پیش کئے گئے جن میں 8 تحقیقی مقالے کینسر کے حوالے سے پیش کئے گئے جبکہ انٹی بائیوٹکس کا بڑھتا ہوا استعمال اس کے مضمرات اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے ریسرچ پیپر پڑھے گئے۔
اس دو روزہ کانفرنس میں 85 تحقیقی مقالے،60 پریزنٹیشن 15 پوسٹ پریزنٹیشن 10 انٹرنیشنل اور 50 نیشنل سپیکرز نے شرکت کی۔
اختتام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن شعبہ بائیو کیمسٹری اور بائیو ٹیکنالوجی ڈاکٹر طاہرہ یوسف نے کہا کہ یہ کانفرنس ویمن یونیورسٹی کے مستقل کیلنڈر کا حصہ بن چکی ہے، اس کے مثبت نتائج نے دنیا کو چونکا دیا ہے، اس میں پڑھے گئے ریسرچ پیپر انسانی فلاح وبہبود میں استعمال ہوں گے۔
کانفرنس کے انعقاد کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا، کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر چیف آرگنائزر ڈاکٹر فرح دیبا مبارکباد کی مستحق ہیں۔
اختتام پر تمام شرکا میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈ تقسیم کی گئی، اس موقع پر تمام اساتذہ اور طالبات موجود تھیں۔