Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویمن یونیورسٹی میں محفل میلاد کا انعقاد

لل ویمن یونیورسٹی ملتان میں شعبہ اسلامیات اور ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئر کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیاگیا۔

ترجمان کے مطابق اس روحانی محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت قاریہ آمنہ ارشاد نے حاصل کی، جبکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈاکٹر عائشہ خان، ڈاکٹر رائمہ نذر ،لیکچرر سعدیہ طالب ، فرزانہ سلمان اور طالبات شامل تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے، جس کی تکمیل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں، جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا مستحسن اور جائز عمل ہے، بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا انتہائی موثر تیر بہدف نسخہ ہے، جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔
نبی اکرم ﷺ کی زندگی و سیرت اور ان کی تعلیمات پر غور کرنا چاہیے اور ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں، جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔

حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادتِ باسعادت تمام جہانوں کے لیے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے، آپ ﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی۔

حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا، اور آپﷺ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت و محبت کی مجسم تصویر ہے، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور حاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمان و عبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔

محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔

ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد انسانیت کے دکھوں کو دور کرنے کی بشارت ہے۔ آپ کی رسالت نے نیکی اور بدی کا فرق واضح کر دیا، جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے، کافروں کے رسوم و رواج کو ختم کر دیا گیا، خالقِ کائنات کا نام روشن ہوا اور انسانیت کے دل اس کی پاکیزگی سے منور ہوئے۔

محفل کے آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔

اس موقع پر تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور شرکا میں نیاز تقسیم کی گئی۔

محفل میلاد میں تمام شعبوں کی چیئر پرسنز، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button