ناردرن کے بیٹر ذیشان ملک پرعائد پابندی ختم
پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر ناردرن کے بیٹر ذیشان ملک کو 14 اکتوبر 2021کو معطل کیا گیا تھا۔
انہیں 18 نومبر 2021 کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا ۔ انہوں نے 18 نومبرکو اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
31 دسمبر 2021 کو پی سی بی اور ذیشان ملک نے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 5.1.12 کے تحت باہمی رضامندی اور اتفاق رائے سے ذیشان ملک پر تین ماہ کی پابندی عائد کردی، جس کا آغازمعطلی کے روز سے ہوا۔
لہٰذا، تین ماہ مکمل ہونے پر ذیشان ملک کی پابندی 13 جنوری 2022 کو ختم ہوگئی ہے تاہم مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے ذیشان ملک کو پی سی بی سیکورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ ری ہیب پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔
اس حوالے سے ذیشان ملک کا بیان مندرجہ ذیل ہے: “میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل نہ کرنے پر اپنے تمام ساتھیوں، ساتھی کرکٹرز اور اسپورٹرز سے معذرت خواہ ہوں۔
اگرچہ میں نے مذکورہ پیشکش سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایاتاہم متعدد اینٹی کرپشن لیکچرز میں شرکت کے باوجود میں اس مذکورہ پیشکش سے متعلق آگاہ کرنے میں ناکام رہا، لہٰذا مجھے بجا طور پر مسابقتی کرکٹ سے معطل کیا گیا ۔”
چونکہ میں معافی کا خواستگار ہوں لہٰذا میں تمام کرکٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کرپٹ عناصر سے باخبر اور ان کی پیشکش سے ہوشیار رہتے ہوئے اس سے متعلق معلومات کو فوری طور پر پی سی بی سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کریں تاکہ انہیں کھیل سے دور رکھا جاسکے۔“
کرکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے اور گزشتہ تین ماہ میں نے اس کی کمی شدت سے محسوس کی ہےتاہم اس عرصہ کے دوران میں نے مزید محتاط رہنا بھی سیکھا ہے کیونکہ یہاں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے فائدے کے لیے معصوم لوگوں کو قربان کر دیتے ہیں۔
"مجھے امید ہے کہ میرے تمام دوست، ساتھی اور کوچ مجھے معاف کر یں گےاوروہ مجھے دوبارہ کرکٹ میں قبول کرلیں گے۔”
ذیشان ملک پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینے اور دینے سمیت مقامی ٹیموں کے ساتھ ایسے مختلف سیشنز میں حصہ لیں گے، جس کے بعد انہیں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی اجازت ملے گی۔