وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں 5 سال سے بند پوزیشنیں بحال کر دیں
وزیر اعلیٰ کے حکم پر پنجاب بھر کے 09 تعلیمی بورڈز میں میٹرک سالانہ امتحان 2023ءمیں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 143طلباء طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن حکومت پنجاب کی سربراہی میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم، سیکرٹری خرم شہزاد قریشی اور کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی کی سربراہی میں ملتان بورڈ کے 13 پوزیشن ہولڈر (فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ ) طلباء وطالبات اور ان کے والدین کا قافلہ پنجاب پولیس کی فول پروف سکیورٹی اور خصوصی پروٹوکول دستہ کی قیادت میں تقریب میں شرکت کیلئے لاہور لے جایا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات میں انعامات کے چیک،ںمیڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔
وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی، اور کہا کہ حکومت پنجاب پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات کی تعلیم تعلیم کے حوالے سے ہرقسم کی معاونت جاری رکھے گی۔
پنجاب بھر میں سب سے زیادہ نمبر 1092حاصل کرنے والی دو طالبات حافظہ عائشہ شوکت ،کشش فاطمہ اور بوائز میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمد رامش حسن کے والدین کو اسٹیج پر بلا کر خصوصی مبارکباد پیش کی، انھوں نے کہا کہ مایوسی گناہ ہے، ہم سب کو مثبت سوچ کو اپنانا ہوگا اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بچے ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں یہی بچے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے 9بورڈز کی طرف سے امتحانات کے شفاف انعقاد اور فول پروف رزلٹ کی بروقت تیاری پر بورڈز کے چیئرمین ،سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی کارکردگی کو سراہا اور مختصر وقت میں پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کے انعقاد پر وزیر تعلیم منصور قادر اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جاوید اختر محمود کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات اور ان کے والدین مبارکباد پیش کی، اور کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ بچے آیندہ امتحانات میں میں بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھیں، اور ملک وقوم کا نام روشن کریں، اور اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کریں۔
تقریب کے اختتام پر سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم کے مطابق پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات اور ان کے والدین کو لاہور شہر کے تاریخی مقامات کی سیر کروائی ۔