Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

جینڈر سکول کے طلباء کی بنائی ہوئی اشیاء کے اسٹالز مرکز نگاہ بن گئے

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ ٹرانس ایجوکیشن کے تحت سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دے کر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کو معاشی و سماجی طور پر خود مختار اور مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ م

حکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کی فنی تربیت تک رسائی بہتر بنانے کے لیے بھرپور کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

وہ گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت ملتان کے دورے کے دوران ٹرانس جینڈر اسکول کے طلبہ کی بنائی ہوئی اشیاء کے اسٹالز کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز سیدہ سروش فاطمہ شیرازی، خواجہ مظہر الحق صدیقی، سیکشن آفیسر حنا چوہدری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سکینڈری) ملتان شیخ محمد رفیق اور گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت کی پرنسپل زریں اختر، صدر ملتان چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال، چیف انسٹرکٹر ٹیوٹا محمد اسلام سمیت، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی، ایمرسن یونیورسٹی، یونی سیف، مسلم ہینڈ، اخوت، ٹیوٹا، سانجھ فاؤنڈیشن اور محکمہ تعلیم کے حکام، سول سوسائٹی نمائندگان، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ٹرانس جینڈر طلبہ کے لیے روزگار کے دروازے کھولنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یونیسکو کے تعاون سے ٹرانس جینڈر سکول کے طلباء کو ٹیلرنگ، انڈسٹریل ٹیلرنگ، بیوٹی پارلر، مارکیٹنگ، کمپیوٹر اور دیگر کورسز سکھائے گئے، گزشتہ 6 ماہ کے دوران انہوں نے جو کچھ سیکھا اور اپنے ہاتھوں سے جو اشیاء تیار کیں، ان کی نمائش اور اسٹالز لگا کر حوصلہ افزائی کا اہتمام کیا گیا۔

ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ نمائش میں ٹرانس جینڈر طلبہ نے بہت محنت، لگن اور انتہائی خوبصورت انداز میں بیوٹیشن، ٹیلرنگ، کوکنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے سٹالز لگا کر عوام میں پذیرائی حاصل کی، اس نمائش کا مقصد ٹرانس جینڈر طلبہ کے سیکھے گئے ہنر کو اجاگر کرنا تھا تاکہ وہ چھوٹی سطح پر اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ٹرانس جینڈر اسکول کے حوالے سے بھرپور معاونت کرنے پر پرنسپل گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائیر سیکنڈری اسکول گلگشت زریں اختر کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر ٹرانس جینڈر اسکول کے طلبہ کی تیار کردہ اشیاء کے اسٹالز پر خریداری کر کے ٹرانس طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button