ایمرسن یونیورسٹی مستقبل کی بڑی یونیورسٹی ہوگی: وائس چانسلر
ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا ہے کہ ایمرسن یونیورسٹی آنیوالے برسوں میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شمار ہوگی، دنیا کی ڈیمانڈ کے مطابق طلباء کو جدید مضامین کی تدریس کے ساتھ کردار سازی بھی کی جارہی ہے۔
وہ ڈائریکٹوریٹ آف پریس ، میڈیا اینڈ پبلیکیشن ایمرسن یونیورسٹی کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی جنوبی پنجاب میں تیز ی سے ترقی کرنے والی یونیورسٹی بن چکی ہے، یونیورسٹی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ ’’حلال رزق ‘‘ کے عنوان سے طلباء کی ترتیب کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں 71 شارٹ کورسز شروع کئے گئے ہیں، جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
اسی طرح بی ایس اور ایم ایس کے پروگرامز کو مارکیٹ اور دور حاضر کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیاگیا ہے، ہم نے کیمپس مینجمنٹ سسٹم کو لانچ کردیا ہے، ہم اپنے کلا س رومز کو سنگاپور کے کلاس رومز کی طرز پر تیار کررہے ہیں، ہمار ٹارگٹ ہے آئندہ برس تک ہر ڈسپلن کے کم سے کم دو کلاس رومز ائرکنڈیشن ہو جائیں، کیمپس کو گرین بنایا جارہا ہے تاکہ گرمی کا مقابلہ کیا جاسکے ، طلباء اور فیکلٹی باقاعدہ شجر کاری کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فنڈز لیپس ہوگئے تھے جس کی وجہ ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہوئے مگر اب تمام کام تیزی سے جاری ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی کی ترقی کے لئے صحافیوں کی سپورٹ پہلے بھی حاصل ہے، مستقبل میں اپنے مادر علمی کی کامیابیوں کو اپنے پروگرامز میں جگہ دیں۔
صحافیوں کےلئے بھی جلد ایک ٹریننگ پروگرام ترتیب دیا جائے گا، میڈیا کے لئے ایمرسن یونیورسٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے ۔