زکریا یونیورسٹی میں ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا گیا
زکریا یونیورسٹی ملتان شعبہ فوڈ سیفٹی اینڈ کوالٹی مینجمنٹ فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن میں ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈین ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر محفوظ خوراک ایک عالمی مسئلہ ہے اور غیر محفوظ خوراک کی وجہ سے ہونے والی بیماریاں دنیا بھر میں صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں، جن سے ہر سال تقریباً 600 ملین افراد متاثر ہوتے ہیں اور 420,000 افراد کی جانیں چلی جاتی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض نے اپنے خطاب میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں آگاہ کیا، کہا کہ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ ہر جگہ موجود ہے۔ یہ بیماریاں بیکٹیریا، وائرس، پیرا سائٹس یا کیمیائی آلودگی کے ذریعے پھیلتی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف ملتان محمد سیف نے کہا خوراک کی حفاظت کے لئے ہمیں تعلیمی اداروں میں بچوں کو خوراک کی حفاظت کے بارے میں تعلیم دینی جانی چاہئے تاکہ نئی نسل اس مسئلے کے بارے میں آگاہ ہو سکے۔
ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد آصف نے کہا کہ خوراک کی حفاظت ہمارے معاشرے کی صحت اور بہبود کے لئے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا حکومت، صنعت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، محفوظ خوراک کیلئے عوام اور حکومت کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں مہمانوں میں شیلڈز اور طلباءو طالبات میں شرٹس اور کیپس تقسیم کی گئیں۔