میٹرک نتائج 2024 : ضلع وہاڑی سب سے آگے
تعلیمی بورڈ ملتان کے پہلے میٹرک سالانہ امتحان 2024ءکے نتائج میں ضلع وہاڑی کی کارکردگی سب سے بہتر رہی، ضلع وہاڑی کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 80.45 فیصد رہا، یوں ضلع وہاڑی کا نتیجہ پہلے نمبر پر رہا۔
78.53فیصد امتحانی نتائج کے ساتھ ضلع خانیوال دوسرے نمبر پر، 77.98فیصد امتحانی نتائج کے ساتھ ضلع ملتان تیسرے اور 77.02فیصد امتحانی نتائج کے ساتھ ضلع لودھراں چوتھے نمبر پر آیا۔
تعلیمی بورڈ ملتان نے میٹرک سالانہ امتحان2024ءکے انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 420امتحانی مراکز قائم کیے، ان میں 177طلباء اور 168طالبات کے سنٹر شامل تھے، سب سے زیادہ 163سنٹر ضلع ملتان میں بنائے گئے، جس میں ایک سنٹرل جیل کابھی شامل تھا۔
اسی طرح ضلع خانیوال میں 103،ضلع وہاڑی میں 102،اور ضلع لودھراں میں 52 امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔
تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک سالانہ امتحان میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے پر کل 16 امیدواروں کے خلاف کیسز (یو ایم سی) درج کیے گئے، ان میں سے 12 کیسز میں الزام ثابت ہونے پر امیدواروں کو سزا سنا دی گئی جبکہ 4 کیسز زیر سماعت ہیں۔