ویمن یونیورسٹی کا بڑا اعزاز
ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کو قائد اعظم گولڈ میڈل اور رجسٹرار کو پاکستان گولڈ میڈل عطا کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان کو علمی ادبی خدمات پر استحکام پاکستان فاؤنڈیشن کی طرف سے میڈلز سے نواز گیا۔
لاہور میں ہونے والے تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کو قائد اعظم گولڈ میڈل اور پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان کو ستارہ پاکستان گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر وحید الزماں اور فہد شہباز خان (فوکل پرسن یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب) مہمان خصوصی تھے، انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان کو ایوارڈز پیش کیے۔
واضح رہے پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور اس وقت ویمن یونیورسٹی ملتان میں بطور وائس چانسلر/ چیئرپرسن شعبہ اسلامک سٹڈیز اینڈ عربی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی۔ وہ مسلم امہ کو درپیش عصری سماجی، سیاسی اور ثقافتی مسائل پر لکھتی ہیں، ان کی سرپرستی میں یونیورسٹی میں تعلیمی، تحقیقی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان اس وقت ویمن یونیورسٹی ملتان میں رجسٹرار، چیئرپرسن شعبہ انگریزی اور ڈائریکٹر سپورٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، ان کی مہارت کا شعبہ انگریزی ادب اور غیر ملکی زبان ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈز نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ملک بھر کے تمام اساتذہ اور منتظمین خصوصا ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی کے لئے اعزاز ہے کیونکہ یہ یونیورسٹی میں کی جانے والی اعلیٰ معیار، جدید تحقیق اور اس کے محققین کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ سب کی قابل قدر اور مثالی خدمات کا اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ہم ویمن یونیورسٹی کی ترقی کےلئے اسی طرح ٹیم ورک میں کام کرتے رہیں گے۔