زکریا یونیورسٹی کے ٹیکسٹائل کالج میں میرٹ تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گیا

زکریا یونیورسٹی میں جہاں ایک طرف داخلوں کا فقدان ہے دوسری طرف اس کے ٹیکسٹائل کالج میں طلباء کی دلچسپی دیکھی گئی ہے۔
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کالج اف ٹیکسٹائل انجینئرنگ 2004 سے ٹیکسٹائل انجینئرنگ جنوبی پنجاب کا واحد ادارہ ہے، جہاں ٹیکسٹائل انجینئرنگ کی تعلیم دی جا رہی ہے، اس ادارے کے فارغ التحصیل طلباء پاکستان بھر کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اپنی خدمات سر انجام دے رہےہیں۔
پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کا نیا پروگرام متعارف کروایا گیا، طلباء کی ایک بڑی تعداد نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا، اور 1100 امیدواروں نے 50 نشستوں پر داخلوں کی خواہش ظاہر کی، جو دو میرٹ لسٹوں میں مکمل ہوگئی۔
طلباء کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اگلے سال شام کی کلاسز شروع کرنے کا ارادہ ہے، اس کے لئے کونسل کو مراسلہ تحریر کیا جارہا ہے۔
اس بارے پرنسپل ڈاکٹر عامر عباس کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، اور انڈسٹری کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پروگرام شروع کیے جائیں گے جو کہ انڈسٹری، طلبہ اور جامعہ کے لیے مفید ہوں۔