زرعی یونیورسٹی : ماحول کی بہتری کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پلانٹ فار لائف سوسائٹی اور ڈیپارٹمنٹ آف ہوم سائنسز کے زیر اہتمام انوائرمنٹ کی بہتری کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے فضلہ اور اس کو کم کرنے کے طریقوں کے بارے میں طلباء کو بتایا، درختوں کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ہماری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ، جس کی بڑی وجہ پلاسٹک اور انڈسٹری کے زہریلے مادے ہیں اور ہم ان پر کیسے قابو پا سکتے ہیں کے بارے میں بتایا۔
مزید کہا کہ پلانٹ فار لائف سوسائٹی نہ صرف یونیورسٹی بلکہ ملتان اور دیگر علاقوں میں موجود ماحولیاتی تبدیلیوں پر کام کرنے والی(این۔جی۔ او) سرکاری اداروں اور لوکل کمیونٹی کے ساتھ مل کر پورا سال شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیتی ہے۔
یونیورسٹی اور دیگر اداروں میں میاواکی اربن فارسٹ، کچن گارڈننگ،ادویاتی پودوں،سیڈ بال ٹیکنالوجی، نامیاتی کھادوں اور نرسری کی تیاری کے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے تاکہ ملتان اور دیگر علاقوں کو گرین اور کلین کیا جا سکے۔
ڈاکٹر مقرب علی نے ماحولیاتی آلودگی اور اس کو کس طرح قابو کرنے کے مختلف ذرائع پر طالب علموں کو آگاہی دی۔
ڈاکٹر احمد محمود نے بتایا کہ کس طرح پلاسٹک کے ضیاع کو استعمال میں لایا جائے، اور اس کی ری سائیکلنگ کے بارے میں طالب علموں کو سکھایا۔
ڈاکٹر عثمان نے کوڑا کرکٹ پلاسٹک اور مختلف قسم کے گھریلو کچرے کو کس طرح قابو میں لایا جائے، اور ان کے نقصانات کے بارے میں طالب علموں کو آگاہی دی۔
اس موقع پر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔