سکولوں میں مفت کتابوں کےلئے ایک ارب 60 کروڑ کے فنڈز جاری
پنجاب حکومت نے آخر کار سکولوں میں مفت کتب کی فراہمی کےلئے فنڈز جاری کردئیے، رواں برس مفت کتابوں پر ایک ارب 60 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
محکمہ سکولز طلباء کو مفت کتب فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا، بک بینک بنانے کا حکم
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ نے پنجاب بھر کے سکولوں میں طلباء کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے لیے محکمہ سکولز ایجوکیشن کو بجٹ جاری کر دیا ہے، یہ بجٹ اس وقت جاری کیا گیا جب نیا تعلیمی سال شروع ہونے میں صرف تین دن باقی ہیں۔
اس سے قبل ایک مراسلے میں تمام سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی سیشن ختم ہونے کو ہے، یکم اپریل سے نیا سیشن شروع ہو جائے گا ، اس لئے ایسے طلبا جو امتحان پاس کرچکے ہوں، ان کی کتب اپنے پاس محفوظ کرلی جائیں اور نئی کلاسز کے طلباء کو یہ کتب دی جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں ہموار طریقے سے چلتی رہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی بروقت فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے ہمارے روشن اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہیں، لہذا اس مد میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی قابلِ قبول نہیں کی جائے گی ۔