ایمرسونینز کے نئے عہدیداروں نے حلف اٹھالیا
گورنمنٹ ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر چوہدری نوید نے کہا ہے کہ ایمرسن نے بہت بڑے بڑے ہیرے پیدا کئے ہیں میری بھی یہی کوشش ہے کہ میں وہی معیار تعلیم بلند کروں کیونکہ آج کے طلبہ کل کے معمار ہیں جنہوں نے تعلیم کے میدان میں ترقی کرکے دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کرنا ہے جس کے لئے میں دن رات کوشاں ہوں ۔
مجھے فخر ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان سمیت دنیاکے ترقی یافتہ ممالک میں بڑے بڑے عہدوں پر فائز رہے، اور آج بھی فائز ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ‘دی ایمرسونین’ کی حلف برداری و طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز دیئے جانے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا ۔
جس میں مہمان اعزاز فروغ نوید نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں پہلے بیج میں یہاں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہاز ہمیں آج اس وقت کے معیار تعلیم پر غور کرنا ہو گا اور ذہین طلبہ میں گولڈ میڈلز کی تقریب کو جاری و ساری رکھنا ہو گا اس سے ہماری آنے والی نسلوں کو معلوم ہوگا کہ یہاں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والوں کے بڑے بڑے نام ہیں جو آج ملتان سمیت ملک بھر کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔
تقریب سے صدر دی ایمرسونین ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ اولڈ ایمرسن میں گولڈ میڈلز دینے کی روایت ایک احسن اقدام ہے جس کو جاری رکھیں گے اور دیگر اولڈ طلبہ سے رابطے کئے جائیں گے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
جنرل سیکریٹری بلال نعیم چوہدری نے کہا کہ دی ایمر سونین کو مزید فعال کیاجائے گا اور اس کی جلد رجسٹریشن بھی کرائی جائے گی ۔
تقریب سے سابق صدر ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹر عبد الرزاق شاہد، عبد الخالق چوہدری، ڈاکٹر امتیاز بلوچ، جہانگیر احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ فرخ نوید نے نومنتخب عہدیداران صدر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، جنرل سیکریٹری بلال نعیم چوہدری، سینئر نائب صدر حامد علی ہاشمی، نائب صدر مطلوب احمد شیخ، نائب صدر راؤ محمد اکبر، جوائنٹ سیکریٹری عبد المحسن شاہین، فنانس سیکریٹری عبد الخالق چوہدری ودیگر عہدیداران سے حلف لیا۔
آخر میں اولڈ ایمرسونین کے نام پر ذہین طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈلز بھی تقسیم کئے۔