جامعہ زکریا : ‘سیرت صاحب خلق عظیم ، پاکستان کے موجودہ معاشرتی ، معاشی مسائل کا حل ‘ کے موضوع پر کانفرنس
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان اسلامک ریسرچ سنٹر شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد جناح آڈیٹوریم میں کیاگیا، کانفرنس کا موضوع ’’ سیرت صاحب خلق عظیم ، پاکستان کے موجودہ معاشرتی ، معاشی مسائل کا حل ‘‘ تھا۔
کانفرنس کے افتتاحی کلمات ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے ادا کیے، جبکہ کانفرنس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی (ستارہ امتیاز) ، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ، ڈاکٹر شفیق الرحمن ڈین آف اسلامک سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد سلیم ڈائریکٹر صفہ ہائر اسلامک سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ برطانیہ و مسلم لیگل ایڈوائزر آف برٹش کورٹ نے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی (ستارہ امتیاز) نے کہاکہ مملکت خدادا اسلامی جمہوریہ پاکستان ہم سب کی پہنچان ہے، اس ریاست کا وجود کلمہ طیبہ کے نام پر آیا، اس لیے اس کی حفاظت کرنا اور ان عناصر سے بچانا جو اس کو کمزور کررہے ہیں ہم سب کا قومی اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔
پاکستان کو معاشی میدان میں جن مسائل کا سامنا ہے، ان کو حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لیے رول ماڈل جناب نبی کریم ﷺ کی حیات مقدسہ اور سیرت مطہرہ ہے۔
ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کہاکہ امیر اور غریب اس وقت ایک عالمگیر اضطراب میں مبتلا ہیں، ذہنی سکون کا فقدان متشددانہ رویے منفی سوچ نے ہمیں کمزور کردیا ہے، اس وقت ہمارا معاشرہ نہایت خوفناک مسائل سے دوچار ہے ہمیں اپنی معاشرتی طرز حیات کو بہتر بنانے کے لیے سیرت صاحب خلق عظیم کو اپنانا ہوگا۔
ڈاکٹر شفیق الرحمن ڈین آف اسلامک سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت بالعموم امت مسلمہ اور باالخصوص پاکستان جن مسائل سے دو چار ہے، ان کا واحد حل سیرت النبیﷺ سے راہنمائی حاصل کرنا ہے۔
ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے معاملات طے کرتے وقت آنحضرتﷺ کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنانا ہوگا اور اسی میں ہماری نجات اور فلاح ہے ۔
ڈاکٹر حافظ محمد سلیم ڈائریکٹر صفہ ہائیر اسلامک سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ برطانیہ و مسلم لیگل ایڈوائزر آف برٹش کورٹ نے اپنی گفت گو میں پاکستان معاشرتی اور معاشی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے سیرت رسولﷺ سے اس کا حل پیش کیا، اور اس نقطہ پر زور دیا کہ ہمارے ہماں مسائل کی نشاندھی پر زور دیا جاتا مگر اس کے حل کی طرف سے توجہ نہیں دی جاتی یہی وجہ ہے کہ مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے اگر ہم اپنے مسائل کا قابو پانا چاہتے ہیں ہمیں چاہیے کہ حضرت محمدﷺ کے اسوہ حسنہ کو اختیار کریں۔
چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کرائی ۔
کانفرنس میں طلباء طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس کے آخر میں طلباء طالبات کے مابین جائزہ حسن تلاوت ، جائزہ نعت اور جائزہ حسن تقریر میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
مقابلہ حسن قرات میں اول نعمان بشیر ، دوم حافظ اظہر سوم تعریف اللہ مقابلہ حسن نعت میں اول اظہر، دوم حافظ اسامہ سوم عائشہ ریاض مقابلہ حسن تقریر میں اول جلال الدین دوم بہروز سوم محمد ندیم شامل تھے۔