سکولوں میں انسداد ڈینگی کارروائیاں نہ ہونے پر سپیشل وزٹ آج سے شروع ہوں گے

سکولوں میں اساتذہ کے احتجاج کے بعد انسداد ڈینگی کارروائیاں روک دی گئیں ہیں، جس کے بعد محکمہ سکولز بھی متحرک ہوگیا ہے، اور آج سے سکولوں میں دورے کئے جائیں گے، اور انسداد ڈینگی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سکولز نے ہدایت کی ہے کہ آج ہفتے کو پنجاب کے سکولوں کا خصوصی معائنہ کیا جائے، اور چیک کیا جائے کہ سکول کب کھلے اور کب بند ہوئے، اور تدریسی اور انتظامیہ سرگرمیاں کیسی ہیں۔
اس کےلئے سی ای او ز اور ڈی ای اوز کی ٹیمں بنا کر سکولوں کو دورہ کیا جائے، ڈی ایم اوز اس سلسلے میں سی ای اوز کے ساتھ ملکر پلان ترتیب دیں، اور چیکنگ ٹیموں کا ٹاسک مقرر کریں، مرتب شدہ معائنہ کی رپورٹ متعلقہ ڈی ایم او آفس کو آج دوپہر 1 بجے تک شیئر کر دی جائے ۔
سیکرٹری سکولز ایجوکیشن دوپہر دو بجے رپورٹس کا جائزہ لیں گے ۔
دوسری طرف اساتذہ نے اس کو دباو ڈالنے کی بھونڈی حرکت قرار دیا ہے، اور کہا ہےکہ ان معائنوں کو مقصد اعلیٰ حکام کایہ یقینی دلانا ہے کہ سکولوں میں تمام کام معمول کے مطابق ہو رہا ہے، کوئی بھی احتجاج نہیں کررہا ہے، مگر ان کو یہ اقدام بھی ناکام ہو جائے گا۔