تعلیمی بورڈ ملتان : میٹرک و انٹرمیڈیٹ فرسٹ سالانہ امتحانات 2024 ء کے شفاف انعقاد پر تقریب کا اہتمام
چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم کی زیر صدارت آفیسرز میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری بورڈ خُرم شہزاد قریشی اور کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی مہمان خصوصی تھے۔
ملک نثار احمد صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے شفاف انعقاد پر چیئرمین بورڈ، سیکرٹری بورڈ اور کنٹرولر امتحانات مبارکباد کے مستحق ہیں، آفیسرز /آفیشلز نے ان کی سربراہی میں امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنایا، بالخصوص میٹرک برانچ، انٹرمیڈیٹ برانچ، کنڈکٹ برانچ اور ڈسپلن سیکشن کے اہلکاروں نے شبانہ روز محنت کرکے مذکورہ امتحانات کے شفاف کو یقینی بنایا ان کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
کنٹرولر امتحانات،حامد سعید بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرد واحد کچھ نہیں، امتحانات کا بہتر اور شفاف انعقاد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم اس امتحان میں سُرخرو ہوئے۔ امتحانات کے بروقت و بہتر انعقاد میں چیئرمین بورڈ اور سیکرٹری بورڈ کا تعاون ہمیشہ شامل حال رہا۔
چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم نے کہا کہ بوٹی مافیا کے خاتمہ کیلئے میرے ساتھ کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری بورڈ نے بھر پور تعاون کیا، میٹرک کے امتحان میں 17 یو ایم سی کیسز پکڑے گئے، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 31 یو ایم سی کیسز پکڑے گئے۔
سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے امتحانات کی سخت مانیٹرنگ کرتے ہوئے میٹرک امتحان میں 04 یو ایم سی اور 01 تلبیس شخصی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 02 اُمیدواران کو نقل کرتے ہوئے موقع سے پکڑا اور انکے خلاف حسب ضابطہ بورڈ قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انھوں نے سسٹم اینالسٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کو مزید شفاف بنانے کیلئے جدید آرٹیفیشل ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے اور آئی ٹی سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دفتر کے ڈسپلن کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں، ٹیم ورک کو اپنا شعار بنائیں ادارے کی عزت اور وقار کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں، انسان کا کردار ہی انسان کی عزت کا باعث ہے۔