ٹرانس جینڈر طلبا کے لئے ووکیشنل لیب اور کرکٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ٹرانس جینڈر طلبہ کے لیے جدید ووکیشنل لیب اور کرکٹ کے شوقین طلباء و طالبات کے لیے جنوبی پنجاب سٹوڈنٹس کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح آج سوموار کوکیا جائے گا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کے لئے ٹرانس جینڈر سکول میں زیر تعلیم اور امتحان پاس کرنے والے سٹوڈنٹس کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی معاونت سے جدید ووکیشنل لیب قائم کی جارہی ہے ، جس میں ٹرانس جینڈر سٹوڈنٹس کو ٹیلرنگ، انڈسٹریل ٹیلرنگ، بیوٹی پارلر، مارکیٹنگ اور دیگر کورسز سکھائے جائیں گے، اور ان کی عملی تربیت کی جائے گی۔
اسی طرح کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی رکھنے والے طلباء و طالبات کی تربیت کے لیے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول گلگشت کے کرکٹ گراؤنڈ میں جنوبی پنجاب سٹوڈنٹس کرکٹ اکیڈمی قائم کی جارہی ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب دونوں افتتاحی تقاریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے افسران، یونیسکو اور کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود ہونگے۔