زکریا یونیورسٹی کے ابوبکر ہال کے طلباء کا احتجاج، گیٹ بند کردیا
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ابوبکر ہال کے وارڈن ڈاکٹر کامران اشفاق کے رویہ اور ہاسٹل کی بدانتظامی کے خلاف ہاسٹل کے طلباء سراپا احتجاج، طلباء کی کثیر تعداد نے ابوبکر ہال کے مین گیٹ بند کرکے ہاسٹل وارڈن کے خلاف احتجاج کیا ۔
طلبہ کا مؤقف تھا کہ ڈاکٹر کامران اشفاق مختلف طریقوں سے ہراساں کرنا اور ذہنی اذیت دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، اور کہتے ہیں یہ ہاسٹل میرا ہے، یہاں پر میرا حُکم چلے گا، کوئی ہاسٹل کا طالب علم حکم ماننے سے انکار کرے گا یا وارڈن سے سوال کرے تو کہا جاتا ہے الاٹمنٹ کینسل کرکے آپ سامان باہر پھینکنا دوں گا۔
طالبعلموں کا کہنا ہے کہ ہاسٹل میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے، ہاسٹل میں صفائی کا تعینات عملہ سارا سارا دن وارڈن کے گھر کے ذاتی کام پر تعینات ہوتا ہے، ڈاکٹر کامران اشفاق سابق وائس چانسلر منصور اکبر کنڈی کے خاص لوگوں میں شمار ہوتے تھے، انہوں نے جونیئر ٹیچر ہونے کے باوجود ان کو گھر دینے کےلئے ڈائریکٹ ہاسٹل کا وارڈن تعینات کردیا، ساتھ ہاسٹل وارڈن کو ملنے والا گھر بھی الاٹ کردیا، وارڈن کے رویہ کی وجہ کئی طلباء اپنی ہاسٹل الاٹمنٹ کینسل کرواکے باہر پرائیویٹ ہاسٹلز میں رہنے پر مجبور ہیں۔
طلبا نے وائس چانسلر سے اپیل کی ہے کہ وہ خود ہاسٹل آکر ہمارے مسائل چیک کرلیں، اور کوئی ریلیف دلایا جائے۔