ویمن یونیورسٹی ملتان میں ایڈمیشن ڈیسک بنانے اور سنٹرل ٹائم ٹیبل بنانے کا فیصلہ

ترجمان کے مطابق یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کا اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی صدارت میں ہوا، جس میں یونیورسٹی کے تمام صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ اب تک نئے داخلوں کےلئے 9 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ امیدوار اگست کے دوسرے عشرے تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خصوصی ہدایت کی کہ فوری طور پر ایڈمیشن ڈیسک قائم کیا جائے جہاں آنے والی امیدواروں کو مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی، اور والدین اور طالبات کی رہنمائی کی جائے، کیرئر کونسلنگ کے حوالے سے بھی امیدواروں کو مضامین کے بارے میں آگاہی دی جائے ۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سنٹرل ٹائم ٹیبل تیار کیا جائے تاکہ کلاسز رومز کی کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل ہوسکے، اور تمام پروگرامز کےلئے کوئی مسئلہ نہ ہو۔
تمام دفاتر اپنے ایس او پیز کے مطابق کام جاری رکھیں، ڈاک کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھا جائے ، طالبات کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں ۔
یونیورسٹی کی افسران کی کارکردگی شاندار ہے، اور ان کی بدولت معاملات احسن اور ہموار چل رہے ہیں ، تاہم جس جگہ کوئی کوتاہی ہے تو اس کو دور کیا جائے گا۔
ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی کی کارکردگی قابل ستائش ہے، معیاری تعلیم میں ان کا بڑا نام بن گیا ہے ہمارے نتائج اور ریسرچ نے ویمن یونیورسٹی کا نام ملک بھر میں روشن کیا ہے وہ دن دور نہیں جبکہ عالمی سطح پر بھی اس یونیورسٹی کی گونج ہوگی۔
اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب، ریحان قادر ، اسد علی بھٹہ بھی موجود تھے ۔