صوبہ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کانفرنس
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ملتان ریجنل کیمپس میں صوبہ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز کانفرنس گزشتہ روز منعقد ہوئی۔
اس موقع پر یونیورسٹی میں داخلوں سے لے کر امتحانات اور ڈگری کے اجراء تک کے تعلیمی و تدریسی امور زیر بحث آئیں اور طلباء کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کے لئے سماجی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بھی عام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام پسماندہ علاقوں میں علم کی شمعیں روشن کرے گی، جس کے لئے انفراسٹرکچر کو توسیع دے رہے ہیں، اور ملک کے جس علاقے میں بھی رسمی سہولتوں کا فقدان ہے وہاں پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر اور ماڈل سٹڈی سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ یونیورسٹی نے ایک متحرک پالیسی کے تحت تدریسی اور انتظامی امور کی تکمیل کے لئے ایک مستقل شیڈول تیار کرایا ہے، ریجنل ڈائریکٹرز اکیڈمک کیلنڈر کے نفاذ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسائنمنٹس کے نتائج بھی طے شدہ ٹائم فریم کے اندر جمع کرائیں تاکہ طلبہ کے فائنل امتحانات مقررہ اوقات کار کے مطابق منعقد ہوں، اور نتائج بھی بر وقت مرتب ہوں۔
ریجنل ڈائریکٹرز نے وائس چانسلر کو تمام امور کو شیڈول کے مطابق منعقد کرانے اور ان کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ سٹوڈنٹ سپورٹ سسٹم ان کی پہلی ترجیح ہے کیونکہ سپورٹ سسٹم کو فاصلاتی نظام تعلیم میں بہت اہمیت حاصل ہے ٗ سپورٹ سسٹم جتنا مضبوط اور پائیدار ہوگا ، طلباء کا یونیورسٹی پر اعتماد میں اس قدر اضافہ ہوگاز جس سے یونیورسٹی کی ریٹنگ یقینی طور پر بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کو حسب ضرورت مطلوبہ سٹاف اور ساز و سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔
آخر میں وائس چانسلر نے ریجنل ڈائریکٹرز کی یونیورسٹی کی ترقی کے لئے دیرینہ خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے ریجنل دفاتر کی خدمات تفصیل سے بیان کیں۔
انچارج ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ملتان، ڈاکٹر شاہدہ تنویر نے کانفرنس کی میزبانی کے فرائض انجام دیں۔