15فیصد الاؤنس مسترد کردنے پر آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا شدید ردعمل
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور جامعہ بہاؤالدین زکریا کے صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض اور جنرل سیکرٹری انجینئر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے جاری کردہ ایک مراسلے میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کو 15% الاؤنس مسترد کرنے پر محکمہ خزانہ کی جانب سے اٹھائے گئے موقف کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف نوکر شاہی کے بیمار ذہنیت کی بالادستی کا بھرپور مظہر ہے تاکہ جامعات سے منسلک اساتذہ و ملازمین کو امتیازی طور پر ان کے حقوق سے محروم رکھا جا سکے۔
اساتذہ و ملازمین کو واضح امتیاز کی بنیاد پر باہر رکھا گیا ہے جبکہ دیگر تمام خودمختار اداروں کے ملازمین بشمول وفاقی و صوبائی حکومت کے بیوروکریٹس کو بھی یہی مالی فائدہ ایگزیکٹو الاؤنس کے نام پر 150 فیصد کی شرح سے دیا جا رہا ہے۔
جامعات سے منسلک اساتذہ و ملازمین کا الاؤنس سے اخراج اس نام نہاد طبقے کی ذہنیت میں تعصب کی پرورش کا نتیجہ ہے جو حقائق کو حقیقت پسندانہ اور منصفانہ بنیادوں پر نہیں دیکھ رہا۔
ہم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں ، اور یونیورسٹی اساتذہ کو برابری کی بنیاد پر اور قوم کے وسیع تر مفاد میں یہ الاؤنس دینے کی منظوری دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاشرے میں جامعات سے منسلک طبقہ کو اس کا جائز حق نہ دیا گیا تو اس معاملے میں ضروری کارروائی کی جاسکتی ہے جس کے نتیجے میں اس معاملے میں ایک منظم مہم شروع کی جائے گی۔