زبان کوئی بھی ہو اسے سیکھنا اور جاننا وقت کا تقاضا ہے : ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی
بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا ہے کہ زبان کی اہمیت کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ زبان رابطوں کا ذریعہ ہے ۔
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی شعبہ عربی کے زیر اہتمام عربی کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے مزید کہا کہ زبان کوئی بھی ہو اسے سیکھنا اور جاننا جدید وقت کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہاکہ زبان تو دشمن کی بھی سیکھنی چاہیے لیکن مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ عربی زبان پر ضرور عبور حاصل کریں۔
انہوں نے کہاکہ عربی ایک مستقل زبان ہے جو علمی اور دینی لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے ، لہذا اس کا فروغ بے حد ضروری ہے ۔
تقریب سے شام سے آئے ہوئے مہمان خالد محمد امشامی یمنی ، ڈین و چیئرمین ڈاکٹر حافظ عبدالرحیم ، ڈاکٹر ابوذر خلیل، ڈاکٹر عذرا فضل ، ڈاکٹر رحمی عمران ، ڈاکٹر عمران حیدر زیدی ، ڈاکٹر حافظ محمد سرور، محمد انس و اسامہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں طلباء طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔