زکریا یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات کے وارنٹ گرفتاری جاری

زین افتخار سکھیرا سکینڈل میں زکریا یونیورسٹی کے کنٹرولر اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیل کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دور میں وزارت آئی ٹی میں جعلی ڈگری رکھنے والے زین افتخار سکھیرا کو 20 گریڈ میں ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا تھا، جس پر عدالت نے سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کی، اور تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
ایف آئی اے کی رپورٹ میں ثابت ہوگیا کہ زین سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر کا دوست ہے، اور اس نے زکریا یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی جعلی ڈگری لی، اس کے پرچے دو مختلف افراد نے دیئے، جس کے بعد زکریا یونیورسٹی نے بھی جعلی ڈگری کی تصدیق کردی ۔
عدالت نے زین کو عہدے سے ہٹادیا مگر کیس چلتا رہا، ہفتے کے روز عدالت نے کیس کی پیروی نہ کرنے اور ریکارڈ جمع نہ کرانے پر زکریا یونیورسٹی کے کنٹرولر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ اور ڈپٹی کنٹرولر نعیم احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،اور ان کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ ہفتے کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالتی احکامات اتوار کے روز یونیورسٹی کو موصول ہوگئے، جس کے بعد ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا گیا ہے ۔