Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

سکولمپکس گیمز 2023ء سیزن تھری کا میلہ بہاول پور نے لوٹ لیا

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سکولمپکس 2023ء سیزن تھری کی اختتامی تقریب تعلیمی بورڈ بہاول پور کے سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، تقریب کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی اور خواجہ مظہر الحق صدیقی نے کی، جب کہ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور تھے۔

اس موقع پر ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈی نیشن) بہاول پور جام آفتاب حسین، ڈپٹی سیکرٹری قرہ العین خان، سیکشن آفیسرز آفاق موریس، شبیر احمد، حنا چوہدری، محمد اقبال، چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم، ڈپٹی سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم قریشی، سیکرٹری تعلیمی بورڈ بہاول پور محمد شہباز طاہر، ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن بابر نثار، ڈائریکٹر سپورٹس راؤ عمر حیات، ڈی او لٹریسی بہاول پور ڈاکٹر زاہد نذیر اور جنوبی پنجاب کے سی ای اوز ایجوکیشن سمیت، دیگر تعلیمی افسران، طلباء و طالبات، کھلاڑیوں، اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ کھیل توانا، تندرست، فعال رکھنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا بڑا ذریعہ بھی ہیں، گوناگوں مصروفیات کے باعث دنیا کا ہر فرد میدانوں میں کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے دور ہو کر سمارٹ اینڈرائیڈ موبائل کا گرویدہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ سکول اولمپکس اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد مقابلہ جات کا انوکھا مجموعہ تھا جو بین الاقوامی اولمپکس کی طرز پر سجایا گیا، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع سے سینکڑوں کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں جیت کی امنگ، مدمقابل کو پچھاڑنے، اپنی صلاحیتوں، طاقت اور مہارتوں کو آزمانے، سونے، چاندی، کانسی کے تمغوں کے حصول کے لیے تگ و دو کی۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ شعبہ زندگی میں کھیلوں کی روایت کے احیاء، نظم و ضبط، سپورٹس مین سپرٹ اور صحت مندانہ ایونٹس کو فروغ دینا وقت کا بڑا تقاضا ہے، سکولمپکس جیسے ایونٹس پہلے صرف بڑے شہروں میں ہوتے تھے، کھیلوں کے اس بڑے مقابلوں سے جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات فخر کے ساتھ کھیل کے قومی مقابلوں میں برابری کے طور پر شرکت کر سکیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اتنے بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، سکولمپکس آنے والے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں بھرپور صحت مند و توانا زندگی کے لیے خود کو میدانوں میں کھیلوں سے منسلک رکھنا ہو گا، اسی میں ہی ہماری بقا پوشیدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سکولمپکس کے مقابلے شیڈول کے مطابق منظم انداز میں جاری رہے، کھلاڑی طلباء و طالبات اپنا اور اپنے ادارے، ضلع کے نام روشن کرنے کیے لیے اپنی صلاحیتوں، مہارتوں کا لوہا منواتے رہے، کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہم صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق صدیقی نے تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرہ صحت مندانہ سرگرمیوں سے ہی وجود میں آتا ہے، سکولمپکس جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات میں اچھی عادات، مثبت سوچ، قوت برداشت، ڈسپلن کے فروغ اور تفریح کے مواقع پیدا کرنے کی ابتداء ہے، یہ مقابلہ جات پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں شعور بیداری کا موجب بنیں گے۔

ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول نے تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولز تعلیم کے ساتھ کھیل میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں، حکومت پنجاب کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی، حوصلے اور ہمت سے مشکلات سے لڑنا کھلاڑی طلباء و طالبات کا شیوہ ہوتا ہے۔

سی ای او ایجوکیشن بہاول پور چوہدری محمد اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سمارٹ اینڈرائیڈ فون نے نئی نسل کو ہماری روایات، اقدار اور اخلاقیات سے دور کر دیا ہے، ہمارے کھلاڑی حدود و قیود کا خیال رکھتے ہوئے کھیل میں بھی آگے بڑھیں، مواقع سے فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں، انہوں نے کہا کہ سکولمپکس کی میزبانی پر بہاول پور کو فخر ہے، بہاول پور کے اس کامیاب سپورٹس ایونٹ سے آنے والی تبدیلی اب یہاں سے پورے ملک میں پہنچے گی۔

اختتامی تقریب میں سکولمپکس گیمز میں بہترین کارکردگی پر جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں اور آئندہ سال کے لیے سکولمپکس کا پرچم ضلع ڈیرہ غازی خان کے حوالے کیا گیا۔

اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کی خوشیاں قابل دید تھیں، سکولمپکس گیمز کے نتائج کے مطابق گرلز و بوائز کیٹیگریز میں فٹ بال، ہاکی، کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال اور اتھلیٹکس کے مقابلوں میں ضلع بہاول پور 766 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر، بہاول نگر 412 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جب کہ ضلع لیہ 390 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

دریں اثناء کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے سکولمپکس گیمز سیزن تھری میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور میڈلز تقسیم کیے۔

سکولمپکس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے سکولوں کے طلباء سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختون خواہ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے تین ہزار سے زائد طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، اور 300 سے زائد منتظمین نے بھی خدمات سر انجام دیں۔

نتائج کے مطابق مجموعی کارکردگی پر ضلع بہاول پور چمپیئن ٹرافی کا حق دار قرار پایا۔ ہاکی بوائز میں لیہ نے پہلی، بہاول نگر ضلع نے دوسری اور رحیم یار خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فٹ بال کے مقابلے میں رحیم یار خان نے پہلی، بہاول نگر نے دوسری اور وہاڑی ضلع کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کرکٹ کے بوائز مقابلہ جات میں بہاول پور کی ٹیم نے پہلی، وہاڑی نے دوسری اور ڈیرہ غازیخاں کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کرکٹ گرلز کے مقابلہ جات میں بہاول پور نے پہلی، لیہ نے دوسری اور وہاڑی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔والی بال گرلز کے مابین مقابلہ جات میں بہاول پور ضلع کی ٹیم نے پہلی، رحیم یار خاں ضلع کی ٹیم نے دوسری اور لیہ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

والی بال بوائز کے مقابلہ جات میں بہاول نگر ضلع کی ٹیم نے پہلی، بہاول پور نے دوسری جب کہ رحیم یار خان کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بیڈمنٹن کے گرلز کے مابین مقابلہ جات میں خانیوال ضلع کی ٹیم نے پہلی، بہاول پور ضلع کی ٹیم نے دوسری اور لودھراں کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بیڈمنٹن بوائز کے مقابلہ جات میں بہاول نگر نے پہلی، وہاڑی ضلع نے دوسری اور بہاول پور ضلع نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ٹیبل ٹینس گرلز کے درمیان مقابلہ جات میں خانیوال ضلع کی ٹیم نے پہلی، بہاول پور ضلع کی ٹیم نے دوسری اور بہاول نگر ضلع کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹیبل ٹینس بوائز کے مابین مقابلہ جات میں بہاول نگر نے پہلی، ملتان نے دوسری اور راجن پور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فٹ بال کے مقابلے میں رحیم یار خاں نے پہلی، بہاول نگر نے دوسری اور وہاڑی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایتھلیٹکس مقابلہ جات میں ملتان نے پہلی، خانیوال نے دوسری اور بہاول نگر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اتھلیٹکس گرلز مقابلہ جات میں بہاول پور نے پہلی، مظفر گڑھ نے دوسری اور بہاول نگر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح نجی سکولوں اور مدارس کی کیٹگری میں بیڈمنٹن بوائز مقابلہ جات میں روٹس سکول نے پہلی، جامعہ الصابر نے دوسری اور بیکن ہاؤس سکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن گرلز میں بیکن ہاؤس نے پہلی، نیکسس نے دوسری اورمدینہ المازان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹیبل ٹینس بوائز مقابلہ جات میں سٹی سکول نے پہلی، بیکن ہاؤس نے دوسری اور روٹس سکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیبل ٹینس گرلز مقابلہ جات میں پروگرامر سکول نے پہلی، نیکسس گرلز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب تقسیم انعامات میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

اسی طرح آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان، سندھ، سرحد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button