باجوہ ڈاکٹرائن میں کچھ چیزیں اچھی کچھ بُری تھیں : آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کی شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ اداروں نے غیرسیاسی رہنے کا درست فیصلہ کیا ہے، باجوہ ڈاکٹرائن میں کچھ چیزیں اچھی اور کچھ بُری تھیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باجوہ صاحب نے ہمارے ساتھ بیٹھ کر کبھی بات نہیں کی، جبکہ کیانی صاحب غیرسیاسی ہونے کی صرف باتیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف کو ذاتی طور پر نہیں جانتا، ذاتی طور پر صرف لیفٹیننٹ جنرل عامر کو جانتا تھا ،اور انہیں ہی آگے لانا چاہتا تھا۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم پنجاب میں تیس سال سے پاور میں نہیں آسکے، لیکن اب وہاں اپنی کمزوریاں دور کریں گے، میں پنجاب میں عمران خان کے مقابلے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہ کرسکے، اب میانوالی میں نواب آف کالا باغ ان کا مقابلہ کریں گے، نواب آف کالا باغ نے ہمیں جوائن کرلیا ہے۔
سابق صدر نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پورا زور لگا کر 25 ہزار لوگ جمع کرنے والا مقبول نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک میں معیشت سے متعلق بہتری کے لیے پر امید ہوں، یہ میرا ملک ہے کہیں جانا نہیں، پاکستان جیسی نہ کوئی قوم ہے نہ کوئی دھرتی ہے’۔