Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی اور رجسٹریشن کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1234 کا آغاز کر دیا گیا

تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر بچوں کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا علم دوست اقدام۔

ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی اور رجسٹریشن کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1234 متعارف کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں تعلیم کے عالمی دن کے طور پرمنایا گیا، اس دن کی مناسبت سے غربت، گھریلو حالات یا کسی اور وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کرنے فراہم کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ہیلپ لائن 1234 متعارف کرائی ہے ، جس کے تحت ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے بین الاقوامی چارٹر برائے انسانی حقوق کے سیکشن 26 کے تحت تعلیم انسان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب تعلیم کے بنیادی اور لازمی حق تک عوام کی آسان رسائی کے مشن پر کاربند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی بچے پڑھ لکھ کر زندگی میں آگے جانا چاہتے ہیں، دوسرے بچوں کی طرح سکول جانا ان کا بھی ایک خواب ہوتا ہے، لیکن بعض مجبوریوں کے سبب وہ ایسا کرنے سے قاصر نظر آتے ہیں، وہ ہیلپ لائن نمبر 1234 پر رابطہ کریں، اور نام، ولدیت، فون نمبر، پتے وغیرہ کی تفصیلات فراہم کریں۔

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا متعلقہ عملہ خود اس تک اور اس کے گھر والوں تک پہنچے گا، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ اگر بچے کے سکول آنے میں اس کے گھر والے رکاوٹ ہوں گے تو ہمارا عملہ گھر جا کر انہیں خوش اسلوبی سے قائل کرے گا، اور اسے گھر کے قریبی سکول میں داخلہ دلوائے گا۔

سکول میں داخلے کے ساتھ ساتھ بچے کو محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کپڑے، جوتے، فیس اور بستے کا تحفہ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن بچوں کے کچھ تعلیمی سال ضائع ہو چکے ہیں، ان کو خصوصی پروگرام کے تحت ان کے کھوئے ہوئے سالوں کا ازالہ مہینوں میں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر احتشام انور نے واضح کیا کہ بچوں کی سہولت کی خاطر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب علی الصبح خصوصی کلاسز کا اجراء بھی کیا جا سکتا ہے جس سے وہ صبح ساڑھے دس بجے فارغ ہو کر کام پر جا سکیں گے، جب کہ صبح سویرے کام پر جانے والوں کے لیے شام کی خصوصی کلاسز کا اجراء کیا جائے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کام کی جگہ پر کسی ایسے بچے کو دیکھیں جو پڑھ لکھ کر زندگی میں کچھ بننا چاہتا ہو تو ہیلپ لائن نمبر 1234 پر اس کی رجسٹریشن کرائیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button