ملتان بورڈ کے ریسٹ ہاؤسز پر قبضہ ہوگیا

محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کے افسران تعلیمی بورڈ ملتان کے ریسٹ ہاوس پر قابض چیئرمین بورڈ کی کوٹھی بھی سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب کے ایک افسر نے اپنے نام کرنے کے لئے اندر خانہ تمام تر کارروائی مکمل کر لی ۔
معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد تعلیمی بورڈ ملتان کی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران میدان میں کود پڑے ، اس سلسلہ میں ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ملک نثار کی جانب سے احمد کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی وزیر کو درخواست دی ہے ، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ تعلیمی بورڈ کے ریسٹ ہاوس پر ایک ایڈیشنل سیکرٹری اور ایک ڈپٹی سیکرٹری قابض ہیں، جو بورڈ کو کرائے اور یوٹیلیٹی بلوں کی مد میں لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا چکے ہیں، جبکہ بورڈ کی چھ کینال اراضی پر چیئرمین ہاوس تعمیر ہے، اور اس کوٹھی پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب اپنی سرکاری رہائش گاہ کے کیمپ آفس بنانے کے آرڈر کروا چکے ہیں۔
اس سارے معاملے میں چیئرمین بورڈ اور سیکرٹری بورڈ کی ملی بھگت بھی ہو سکتی ہے ، جبکہ بورڈ کی گورننگ باڈی پہلے ہی اس عمارت کو خطرناک قرار دے چکی ہے۔
انہوں نے دی گئی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ اس چھ کینال اراضی پر چیئرمین بورڈ کا گھر مسمار کیا جائے، کیونکہ یہ عمارت پہلے ہی خطرناک قرار دی جا چکی ہے ، اور یہاں پر بورڈ ملازمین کے لئے رہائشی کوارٹرز تعمیر کروائے جائیں۔