زکریا یونیورسٹی کے مفرور پی ایچ ڈی سکالرز کے گرد گھیرا تنگ، نیوزی لینڈ اور برطانوی سفارت خانوں کو مراسلے جاری
زکریا یونیورسٹی کے فیکلٹی کو مضبوط بنانے کے لئے سید یوسف رضا گیلانی سکالر شپ کا اجراء کیا گیا تھا، جس کے تحت 100ٹیچرز کو پی ایچ ڈی کےلئے بیرون ممالک بھجوایا جاتا تھا، ایچ ای سی اس پراجیکٹ کی نگران تھی۔
سکالر شپ کے ایس او پیز کے تحت سکالرز کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد 5سال تک واپس آکر زکریا یونیورسٹی میں پڑھانا تھا، مگر اس فیکلٹی پروگرام سے مستفید ہونے والے 8 سکالر ایسے تھے جو بیرون ممالک جاکر روپوش ہوگئے۔
زکریا یونیورسٹی حکام نے بار ہا ان سے رابطے کی کوشش کی، اور ان کے لواحقین کو بھی آگاہ کیا، ریکوری کرنے بابت بھی بات کی گئی مگر کوئی جواب نہیں دیاگیا، جس پر ایچ ای سی کو رپورٹ کردی گئی۔
جس پر ایچ ای سی نے ان سکالرز کو مفرور قرار دے کر ان کی تصاویر بھی ویب سائٹ پر مشتہر کردی ہیں۔
ان سکالرز میں سہیل افضال الیکٹریکل انجینئرنگ، آمنہ عاصمی کمپوٹر سائنسز کے ذمے دو کروڑ 75لاکھ 81 ہزار، سعدیہ یعقوب خان بزنس ایڈمنسٹریشن 3 کروڑ 33لاکھ، عاطف اقبال بزنس ایڈمنسٹریشن ایک کروڑ 83لاکھ، محمد منیر اکنامکس تین کروڑ 25لاکھ، ذیشان یوسف ٹیکسٹائل انجینئرنگ دو کروڑ 73لاکھ 80ہزار، محمد الیاس شیخ سول انجینئرنگ تین کروڑ 46لاکھ 38ہزار، طارق سعید انگلش دو کروڑ 41 لاکھ 79 ہزار روپے کے ڈیفالٹرز ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینڈیکیٹ کی منظوری کے بعد ان سکالرز کے خلا ف کارروائی کےلئے وزات خارجہ و داخلہ کوبھی مراسلے لکھے گئے ہیں کہ ان کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں، جبکہ ریکوری اور کارروائی کےلئے برطانوی اور نیوزی لینڈ کے سفارت خانوں کی مدد بھی طلب کرلی گئی ہے۔
جاری مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ یہ افراد مفرور ہیں، اور ڈفالٹرز ہیں، اور آپ کے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، اس لئے ان سے مطلوبہ رقم وصول کرواکے دی جائے، اور کارروائی کی جائے