گیلانی لا کالج میں سالانہ گریجویشن تقریب کا انعقاد
زکریا یونیورسٹی ملتان کے گیلانی لاء کالج میں سیشن 24-2019 کے طلبا ء کے لیے سالانہ گریجویشن تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی جسٹس (ر) محمد قاسم خان, جسٹس (ر) خالد علوی, جسٹس (ر) محمد ظفر یاسین تھے، جبکہ صدارت ڈین پروفیسر ڈاکٹر سائقہ امتیاز نے کی۔
اس موقع پر گیلانی لاء کالج کی پرنسپل محترمہ ڈاکٹر سمزا فاطمہ , ڈی ایس اے گیلانی لاء کالج ڈاکٹر محمد بلال، جناب رئیس نعمان اور جناب آصف صفدر بھی موجود تھے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے گیلانی لاء کالج کی پرنسپل سمزا فاطمہ نے کہا کہ طلبا کی زندگی کا اصل سفر اب شروع ہوا ہے، مستقبل کے بہترین بیوروکریٹس, وکلاء اور جج بنیں گے جو قانونی دنیا میں اپنے, اپنے کالج, اپنی جامعہ کا نام روشن کریں گے۔
مہمانِ خصوصی جسٹس (ر) قاسم خان نے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو مستقبل میں مزید محنت کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے واضح کیا کہ طالب علموں کو ہمیشہ سیکھنے کا عمل جاری رکھنا چاہیے کیونکہ آنے والے مستقبل کی بھاگ دوڑ اب ان کے ہاتھوں میں ہے، دیگر مضامین کے مطالعہ بھی کریں، اس سے انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
ڈین پروفیسر ڈاکٹر سائقہ نے طلباء کو نصیحت کی کہ انہیں عصرِ جدید کی ٹیکنالوجیز سے جڑا رہ کے ان میں مہارت حاصل کرنی چاہیے، مصنوعی ذہانت سمیت تمام جدید سافٹ سکلز کا استعمال وقت کی اشد ضرورت ہے۔