Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زکریا یونیورسٹی : لیہ کیمپس معاشی بحران کا شکار، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے آج احتجاج کا اعلان کردیا

زکریا یونیورسٹی کا لیہ کیمپس جس کو اب لیہ یونیورسٹی کا درجہ دے دیاگیا ہے، معاشی بحران کا شکار ہے ۔

یونیورسٹی کے حالات اس حد تک خراب ہوگئے ہیں کہ یونیورسٹی میں بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث میپکو نے یونیورسٹی کے بجلی کنکشن منقطع کر دیئے، جبکہ یونیورسٹی کے ملازمین کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔

مالی بحران کے باعث یونیورسٹی آف لیہ کو پٹرول ، ڈیزل وغیرہ فراہم کرنے والے پٹرول پمپ نے دو ماہ کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مزید پٹرول و ڈیزل کی سپلائی بند کر دی ہے، جس سے یونیورسٹی آف لیہ کی ٹرانسپورٹ کا پہیہ بھی جام ہو کر رہ گیا ہے۔

فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے یونیورسٹی آ ف لیہ کو ملنے والے 5 کروڑ کے فنڈز بھی یونیورسٹی آ ف لیہ میں خزانہ دار کی عدم تعیناتی کے باعث استعمال نہیں کیے جا رہے ہیں، جس سے انتظامی بحران میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

جس پر زکریا یونیورسٹی کے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے آج سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

صدر ڈاکٹر ریاض احمد کا کہنا ہے کہ لیہ کیمپس کے فیکلٹی ممبران و ملازمین کو ان کی مرضی کے بغیر لیہ یونیورسٹی میں ڈیپوٹیشن پر رکھا گیا، مزید برآں انہیں چار مہینوں سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

لیہ کیمپس کے ملازمین و اساتذہ اس وقت مشکل ترین مالی معاملات سے دو چار ہیں۔
اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بہاء الدین زکریا یونیورسٹی اس مشکل گھڑی میں لیہ کیمپس کے دوستوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

لیہ کیمپس کے دوستوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی جامعہ بہاؤالدین میں واپسی کے لیے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جارہا ہے۔

آج صبح 10 بجے تمام اساتذہ یونیورسٹی ایڈمن بلاک کے سامنے اکھٹے ہوں اور لیہ کے ملازمین کےلئے حق کی آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا اگر عید سے قبل مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button