زکریا یونیورسٹی کے ڈرائیور کی بیٹی کا کارنامہ ۔ ۔ ۔ سی ایس پی آفیسر بن گئی
زکریا یونیورسٹی کے ڈرائیور کی بیٹی سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے پولیس فورس میں شامل ہو گئیں، سامیہ سلیم کا اپنے آبائی علاقے بستی نو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، مٹھائیاں تقسیم کی گئی جبکہ آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔
رانا محمد سلیم بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ڈرائیور ہیں، انہوں نے محنت سے اپنی بیٹی کو سی ایس ایس کی تیاری کروائی جس کے بعد بیٹی نے پہلی ہی دفع سی ایس ایس امتحان دے کر نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پولیس فورس کا حصہ بنی ۔
سامیہ سلیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے دن رات محنت کی ان کی والدین نے ان کے لیے دعائیں کی، جس کے بعد وہ سی ایس ایس امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوئی، انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس کرنے کے بعد ڈیڑھ سال تک سی ایس ایس کی تیاری کی، جس کے بعد اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا فرمائی، میری والدہ نے میرے لیے دن رات دعائیں کی جس کا نتیجہ میرا میری کامیابی ہے ۔
سی ایس ایس افیسر سامیہ سلیم کے والد رانا محمد سلیم کا کہنا ہے کہ ہم اپنے بچوں پر محنت ہی کر سکتے تھے جو ہم نے محنت کی اور خواہش تھی دل میں کہ میری بیٹی یا بیٹا یونیفارم افسر بنے تو میری بیٹی نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا، میری بیوی دن رات میری بیٹی کی کامیابی کے لیے عبادات کرتی تھی تاکہ ہماری بیٹی نمایاں پوزیشن حاصل کر کے ہمارے خاندان کا سر فخر سے بلند کرے۔
سامیہ سلیم کی کامیابی کے بعد رانا محمد سلیم کے گھر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی رانا محمد سلیم کو کال کرکے بیٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی، اسی طرح رکن صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی بھی رانا محمد سلیم کے گھر گئے اور بیٹی کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔