Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی بڑی بیٹھک

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے زیر صدارت سی ای اوز ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد، انرولمنٹ ٹارگٹ، ایگزام ایمرجنسی، سکولوں میں سولر پینلز کی تنصیب اور سالانہ امتحانات کی تیاری سمیت دیگر تعلیمی اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سی ای اوز ایجوکیشن کی ایک اہم کانفرنس سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔

کانفرنس میں سی ای اوز ایجوکیشن کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈپٹی سیکرٹری سیف الرحمان خان، سیکشن آفیسرز حنا چوہدری، قرہ العین خان، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول سمیت انرجی ڈیپارٹمنٹ اور پی ایم آئی یو کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور سکولوں کی استعداد جانچنے کے جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کے لیے دسمبر ٹیسٹ کا میکانزم وضع کیا جائے، اور ایگزام ایمرجنسی کے تحت احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور انرولمنٹ ٹارگٹ مکمل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر ٹیسٹ میں تمام سکول بورڈ کی ڈیٹ شیٹ اور پیٹرن کے مطابق امتحانات منعقد کرائیں، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایات میں کہا کہ سکولوں میں طلباء کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کی ہدایات جاری کی جائیں، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہیڈ ٹیچر امتحانات کے انعقاد تک والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کر کے انہیں سکولز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بہترین تعلیمی کے حصول کے لیے اپنے بچوں کی گھروں پر موثر نگرانی کرنے پر قائل کرے۔

سی ای اوز ایجوکیشن کانفرنس میں ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکولوں کے معاملات اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں انرجی ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو سرکاری سکولوں میں سولر انرجی پینلز کی تنصیب اور ڈسٹری بیوشن بارے بریفنگ دی جب کہ پی ایم آئی یو کے حکام نے ای سی ای کلاس رومز اور دیگر منصوبوں بارے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو آگاہی فراہم کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button