Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

نئی نسل کو سرسبز ماحول بارے آگاہی دینا ہوگی : سیکرٹری سکولز

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے نئی نسل کو صاف اور سرسبز ماحول کی اہمیت اور اس سے متعلقہ مسائل سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کی طرف سے سرکاری سکولوں میں گرین بک کو بطور نصاب متعارف کروانے کا مقصد طلبہ کو تبدیل ہوتی آب و ہوا کے لیے تیار کرنا ہے۔

وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے دورے پر آئے سینئر سول سرونٹ، سابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب غلام فرید اور ایک عالمی ادارے کے ساتھ وابستہ کلائمیٹ چینج کنسلٹنٹ غضنفر علی کو ماحولیات اور موسمی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کر رہے تھے، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق صدیقی، ڈپٹی سیکرٹریز سیف الرحمٰن خان بلوانی، قرتہ العین خان، سیکشن آفیسرز بریحہ زینب، حنا چوہدری اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر ہے، ماحولیات اور اس کے تحفظ سے آگاہی بچوں کی پرورش کا لازمی جزو ہونا چاہیے۔ ماحولیاتی تعلیم، وسائل کو موثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد کرتی ہے اور بچوں میں تخلیقی سوچ کو ابھارتی ہے۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سرکاری سکولوں کے طلبہ میں گرین بک کی تدریس اور اس کی افادیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گرین بک کی اشاعت اور اس کو سرکاری سکولوں کے نصاب میں شامل کرنا محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کا انقلابی اور دور رس نتائج کا حامل انیشی ایٹیو ہے۔ اس کتاب کی تدریس میں طلبہ نہ صرف ماحولیاتی آگاہی کی سماجی مہارتیں سیکھتے ہیں بلکہ کلاس میں نظریاتی طور پر سیکھے گئے تصورات اور اپنی سماجی مہارتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔

اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سینیئر سول سرونٹ، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے سابق سیکرٹری غلام فرید نے کہا کہ بچوں سے صرف یہ کہنا کافی نہیں ہے کہ درخت لگانا ماحولیات کی بہتری کے لیے ضروری ہیں، ہمیں بچوں کو سمجھانے کی ضرورت ہے کہ یہ کیوں ضرری ہیں، انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو ماحول دوستی کی تعلیم دینے سے ہی وہ اپنے اردگرد کے ماحول سے آگاہی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھتے ہیں۔

غلام فرید نے مزید کہا کہ کاربن کے بڑھتے ہوئے اثرات اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روکنے کے لیے نئی نسل کا اشتراک بہت ضروری ہے، انہوں نے موسمی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گرین بک کی اشاعت اور سرکاری سکولوں میں اسے بطور نصاب متعارف کرانے کے عمل کو ماحول دوست اقدام قرار دیا۔

دریں اثناء ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب آمد پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے سینئر سول سرونٹ غلام فرید کا خیر مقدم کیا اور انہیں اپنی تصنیف ‘پربتوں کے اس پار’ کا تحفہ پیش کیا۔

ملتان آمد پر سابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب غلام فرید نے گورنمنٹ کمپری ہینسیو بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول بوسن روڈ اور گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گلگشت کا بھی دورہ کیا اور بچوں کو پڑھائی جانے والے گرین بک کے تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور کلائمیٹ چینج کنسلٹنٹ غضنفر علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سابق سیکرٹری تعلیم پنجاب نے طلبہ سے ماحولیات اور موسمی تبدیلی سے وقوع پذیر عوامل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور سوالات پوچھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button