ماحولیاتی تبدیلیاں؛ ایمرسن یونیورسٹی میں سیمینار کا اہتمام
ایمرسن یونیورسٹی ملتان اور محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی زیر سرپرستی ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے عنوان سے ایک روزہ آگاہی سیمنار کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی نے کہا کہ آج کا انسان ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسلے کا سامنا کر رہا ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ ماحولیات کے حوالے سے برتی گئی مجرمانہ غفلت ہے اور اسی کے نتیجے میں آج دنیا موسمیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہی یے، اس کے حل کے لئے ضروری ہے کہ بطور فرد ہمیں ماحول کو صاف شفاف اور سر سبز رکھنا ہوگا۔
بالخصوص دنیا میں تیزی سے ختم ہوتے ہوئے جنگلات فیکٹریوں اور کارخانوں کے زہر اگلتے ہوئے دھوئیں کو ریفائن نہ کرنا جیسے مسائل ہیں، ہمیں ان سب پر قابو پانا ضروری ہے کہ دنیا کی خوبصورتی برقرار رہے ۔
اس پر گفتگو کرتے اسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی حمید اختر نے ماحولیاتی آلودگی کے اسباب اور اس کے تدراک کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات و نقصانات سے آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر مقصود رضوی نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر رابعہ عبد الرحمن اور فرح وسیم کو کامیاب سیمنار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
سیمنار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی میڈم زرمینہ اور ماہ نور کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔