کمشنر ملتان کی ایمرسن یونیورسٹی آمد
کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کے ہمراہ ایمرسن یونیورسٹی میں رنگا رنگ کلچرل بہار فیسٹول کا افتتاح کردیا۔
کمشنر مریم خان نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور طلباء و طالبات ،منتظمین کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم صرف درسی کتب نہیں، ہم نصابی سرگرمیاں اس کا اہم جزو ہیں۔صحت مند جسم صحت مند ذہن کا ضامن ہے۔تعلیمی سرگرمیوں کیساتھ ہم نصابی سرگرمیاں طلباءکی شخصیت سازی کیلئے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کلچر مختلف رنگوں کا حسین امتزاج ہے۔ ہمیں بین الاقوامی سطح پر اپنے کلچر کو فروغ دے کر امن کا پیغام دینا ہوگا۔
وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ قومی ثقافت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔کوئی قوم اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب اسے بھرپور طور پر معلوم ہو کہ اس کا کلچر کیا ہے۔ اس کا اظہار وہ اپنی زبان میں کرتی ہے جس طرح ادب جذبات کو خوبصورتی عطا کرتے ہیں اسی طرح تہذیب و ثقافت انسان کی فطرت میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں اس کو بناتے اور سنوارتے ہیں اور اسے ایسا نصب العین فراہم کرتے ہیں جو زمانے کا ساتھ دے سکے۔