Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زرعی یونیورسٹی: "کپاس کی بہتر پیداوار لینے کے لیے جدید موسمی پیشین گوئی نظام” کے موضوع پر سیمینار

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں شعبہ فلاحت کے زیر اہتمام "کپاس کی بہتر پیداوار لینے کے لیے جدید موسمی پیشین گوئی نظام اور ماڈلز وقت کی اہم ضرورت ہے” کے موضوع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز )کی زیر صدارت ہونے والے سیمینار میں انہوں نے کہا کہ موجودہ مون سون 2023 کے تحت کپاس کی فصل کے لیے طویل مدتی موسم کی پیشن گوئی اور زرعی مشورے کپاس کی فصل کی بہتر نگہداشت کے لیے بہت اہم ہیں۔

کپاس ایک نہایت اہم نقد آور فصل ہے گزشتہ سال ہونے والی شدید اور موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کپاس کی اوسط پیداوار میں کمی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کا حکومتی ہدف بھی پورا نہ ہو سکا، جبکہ ملک اب بھی کپاس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دوسرے ممالک سے کپاس کی بیلیں درآمد کر رہا ہے۔

کپاس کی کم پیداوار کے لیے بدلتی موسمیاتی تبدیلیاں ایک سنگین مسئلہ ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیاں زراعت کے شعبے میں فصلوں کی پیداوار کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
کپاس کی موجودہ فصل سازگار موسمی حالات کی وجہ سے اچھی ہے لیکن آنے والے دو مہینوں میں جیسا کہ یہ پیشن گوئی کی گئی ہے کہ زیادہ موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے جو کہ کپاس کی فصل کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے موجودہ کپاس 2023 کی مہم کے بارے میں بریف کیا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے، البتہ ابھی تک کپاس کی فصل اچھی حالت میں موجود ہے اور کسان کاشتکار اس پر سرمایہ لگا رہے ہیں، لیکن آنے والے دو مہینوں میں موسمیاتی کیفیت خاص کر بارش اور حبس کے موسم میں کپاس کی اچھی دیکھ بھال بہت ضروری ہے تاکہ بارشوں کے دوران کپاس کی بہتر نگہداشت سے اچھی پیداوار حاصل کی جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزادہ عدنان پاکستان میٹرو لوجیکل ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نے مون سون 2023 کی موجودہ بارشیں اور جنوبی پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی، اور مزید بتایا کہ آنے والے دو مہینوں میں موسم کم گرم اور مرطوب رہے گا ، وہیں بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ ابھی تک جون اور جولائی کے مہینوں میں 25 فیصد معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر دلدار حسین کاظمی چیف میٹرولوجسٹ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے کپاس پر مون سون 2023 کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے بہتر اور اچھی پیشن گوئی کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ ان کے ڈیپارٹمنٹ نے کس طرح گندم کی بہتر نگہداشت کے لیے اچھا پیکج بنایا ہوا ہے، اور مزید بتایا کہ کپاس کی اچھی پیداوار کے لیے ساؤتھ پنجاب میں بھی کام شروع کر دیا گیاہے۔جس سے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے اچھی اور بہتر معلومات مہیا کی جا سکیں گی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ نے کپاس کی فصل اور کپاس کی اقسام کی بہتر اور اچھی نگہداشت کو بیان کیا کہ کیسے کسان موجودہ موسمی حالات اور آنے والے دنوں میں خاص کر بارشوں کے موسم میں اچھی پیداوار لے سکتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار چیئرمین شعبہ فلاحت نے مون سون 2023 کے دوران کپاس کی فصل کی اچھی پیداوار کے لیے بوائی سے لے کر برداشت تک کے تمام مراحل کو وضاحت سے بیان کیا تاکہ کسان کاشتکار کپاس کی اچھی پیداوار لے سکیں اور ملک کی زرعی پیداوار میں اپنا حصہ ڈالیں۔

ڈاکٹر محمد حبیب الرحمن نے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں خاص کر سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے لیے ایک جدید پیشن گوئی کرنے والا نظام اور ماڈلز متعارف کرایا ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ موسم کی پیشن گوئی کے مطابق سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے حملے کے بارے میں پہلے ہی کسانوں کو آگاہی فراہم کریں گے تاکہ کسان کاشتکار کیڑوں کے حملے سے پہلے ہی اپنی احتیاطی تدابیر اور حکمت عملی اختیار کریں تاکہ سپرے کم سے کم کیا جا سکے اور کپاس کی اچھی پیدا وار لی جا سکے۔

ڈاکٹر محمد اشتیاق(شعبہ پلانٹ پروٹیکشن جامعہ زرعیہ ملتان) نے موجودہ اور آنے والے دو ماہ کے دوران کپاس کے کیڑوں کے مربوط انتظام اور حکمت عملی کو وضاحت سے بیان کیا تاکہ کاشتکار مربوط انسداد کیڑوں کا انتظام کی پالیسی اختیار کر کے اچھی پیداوار حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر حافظ محکم حماد،ڈاکٹر عمار مطلوب، ڈاکٹر مقرب علی،ڈاکٹر مدثر عزیز، ڈاکٹر عبدالرزاق اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر 200 سے زیادہ کپاس کے کاشتکاروں اور سامعین جن میں ساؤتھ پنجاب ایگریکلچر فورم ڈی جی پیسٹ وارننگ، کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر نے پورے جنوبی پنجاب سے آن لائن بھی شرکت کی۔

کپاس کے کاشتکاروں کو متعارف کرائی جانے والی ٹیکنالوجی اور موسمی صورتحال ان کے لیے اچھی پیداوار لینے کے لیے موثر ثابت ہوگی۔

کپاس کے کاشتکار چوہدری عمیر نے بتائی جانے والی ٹیکنالوجی اور موسم کی پیشن گوئی کے بارے میں بتایا کہ کس طرح وہ اس ٹیکنالوجی اور موسم کی ایڈوائزری کو اختیار کرتے ہوئے کپاس کی اچھی پیداوار لے رہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button