غیر رجسٹرڈ اور بوگس سکولز کےخلاف کارروائی شروع

ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے غیر رجسٹرڈ اور بوگس سکولز کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا ہے ، جبکہ بلڈنگ اور پارکنگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب سکولز کو سیل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں نئے سکولز کے رجسٹریشن کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ پلے گراونڈ اور غیر نصابی سرگرمیاں نہ کرانے والے سکولز کی رجسٹریشن کینسل ہوگی، جبکہ نجی سکولز طلباء کو گراؤنڈ اور جمنیریم میں سرگرمیاں کرانے کے پابند ہونگے۔
عمر جہانگیر کا کہنا تھا کہ چھوٹی بلڈنگ میں قائم سکولز کی ازسرنو انسپکشن کی جائے گی، اور نجی سکولز کی فیسوں اور امتحانی نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس موقع پر متعدد سکولز کی رجسٹریشن کی منظوری بھی دی گئی۔