مون سون میں سکولوں کا انفراسٹرکچر محفوظ بنانے کےلئے اقدامات کئے جائیں : سیکرٹری سکولز
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ آئندہ مون سون کے دوران متوقع بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے دوران آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اہداف اور مخصوص مقاصد کا فوری تعین کیا جائے، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں گزشتہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے متعلقہ ضلعی حکام کے ساتھ کوارڈی نیشن کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے، وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے جائزے کے لیے قائم ایجوکیشن سیکٹر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، سیکشن آفیسر حنا چوہدری کے علاوہ محکمہ تعلیم، محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، محکمہ سپیشل ایجوکیشن، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ سوشل ویلفیئر، یونی سیف کے ایجوکیشن اسپیشلسٹ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سی ای اوز ایجوکیشن اور آفات زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے تاریخ کے بد ترین سیلاب و مون سون کی خطرناک تباہ کن بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ کی تبدیلی کے بعد قدرتی آفات بڑھتی جا رہی ہیں، لہذا اس سے بچاؤ کے نکتے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ سیلابی صورت حال سے سبق سیکھتے اور ممکنہ سیلاب کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں میں ڈیزاسٹر رسک میں کمی کی حکمت عملیوں کا اطلاق ممکن بنایا جائے اور اساتذہ، طلباء اور کمیونٹی کے افراد کی تربیتی ورکشاپس کے ذریعے ٹریننگ کو یقینی بنا کر انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جائے۔
اجلاس میں یونی سیف حکام نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے دوران آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اہداف کے فوری تعین، متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے حوالے سے جون/ جولائی میں لاہور میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔