Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

جنوبی پنجاب کے سکولوں میں ای لرننگ شروع کرنے کا فیصلہ

سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹلائز ای لرننگ کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے پروگرام کا آغاز، ابتدائی طور پر ضلع خانیوال کے آٹھ سرکاری سکولوں میں ای لرننگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے فلاحی تنظیموں کے ساتھ باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں کو سمارٹ کلاس رومز اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نجی شعبے کے تعاون سے ای لرننگ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں تعلیم فاونڈیشن اور رحمت فاونڈیشن کے اشتراک سے ضلع خانیوال کے آٹھ سکولوں میں ڈیجیٹل ای لرننگ ریسورسز فراہم کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان، تعلیم فاونڈیشن پاکستان کے چیئرمین ظفر قادر اور رحمت فاونڈیشن کے سی ای او ایوب خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہرالحق، محمد فیصل شہزاد، سیف اللہ خان، سیکشن آفیسر و فوکل پرسن حنا چوہدری اور دیگر تعلیمی افسران شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ دورِ حاضر میں سکولنگ کے تصور میں وسیع طور پر تبدیلی آ چکی ہے۔ تعلیم و تدریس کے حوالے سے بھی تمام دنیا ایک گلوبل ولیج کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای لرننگ پروگرام سے سکولوں کا معیار تعلیم بلند ہو گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button