زکریا یونیورسٹی ایمپلائز سیاست میں بھونچال: الیکشن جیتنے والے گروپ کو الیکشن کمشنر نے نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کی دھمکی لگادی
ایمپلائز یونین کے الیکشن جیتنے والے گروپ کو الیکشن کمشنر نے نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کی دھمکی لگادی۔
زکریا یونیورسٹی ایمپلائز یونین کے الیکشن 23 نومبر کو منعقد ہوئے تھے، جس کی تاحال تقریب حلف برداری نہیں ہوسکی، جس پر گزشتہ روز الیکشن کمشنر رانا لیاقت نے ایک اعلامیہ اور وائس میسج جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 23 نومبر کو الیکشن ہوئے تھے، مگر کامیاب ایسوسی ایشن تقریب حلف برداری کرانے میں ناکام رہی ہے۔
ایسوسی ایشن کے آئین کے تحت ایکشن کے بعد ایک ماہ کے اندر کامیاب امیدواروں کا حلف اٹھانا لازمی ہوتا ہے،اس لئے کامیاب عہدیداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 9مئی تک تقریب حلف برداری منعقد کراکے آئین کے مطابق حلف اٹھائیں ورنہ آئین کی شق نمبر چار ، کے تحت اپنا آئینی وقانونی حق استعمال کرتے ہوئے الیکشن کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے۔
اس اعلامیہ نے یونیورسٹی ایمپلائز سیاست میں ہلچل مچادی ہے ، کامیاب حر غوری گروپ کا موقف ہے کہ جنرل سیکرٹری ایکسڈنٹ کے باعث گھر پر ہیں، ان کے صحت یاب ہوتے ہی تقریب منعقد کرادی جائے گی، جبکہ دیگر گروپوں نے الیکشن کمشنر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے آئین پر عمل کرنے کا کہا ہے کہ باڈی کی مدت ایک سال ہوتی ہے، چھ ماہ گزر گئے ہیں باقی چھ ماہ کیسے کام کئے جائیں گے۔
اس لئے کامیاب عہدیدار فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں تاکہ ایسوسی ایشن مقررہ مدت ایک سال پوری کرکے الیکشن میں جاسکے۔