Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سرکاری سکولوں میں امتحانات کےلئے ‘ایگزام ایمرجنسی’ نافذ

سالانہ امتحانات کی تیاری اور مؤثر امتحانی نتائج کے لیے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ‘ایگزام ایمرجنسی’ نافذ، ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل تیار کرنے کا حکم، طلباء کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موک امتحانات کا انعقاد لازمی قرار، تمام رجسٹرڈ بچوں کی بورڈ کے امتحانات میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب عبیداللہ نے میٹرک اور دیگر کلاسز کے امتحانات میں مؤثر نتائج کے حصول کے لیے گیارہ اضلاع کے تمام سرکاری سکولوں میں ایگزام ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ایگزام ایمرجنسی کے تحت سکول سربراہان کو طلباء کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور سکولوں کی استعداد جانچنے کے جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کے لیے موک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، موک امتحانات میں تمام سکول بورڈ کی ڈیٹ شیٹ اور پیٹرن کے مطابق امتحانات منعقد کرائیں گے، تعلیمی بورڈز کی ڈیٹ شیٹ اور شیڈول کے طرز پر تیاری کے لیے چودہ فروری تک ٹیسٹ ری ٹیسٹ سسٹم کے ذریعے طلبہ کی کمزوریوں کی نشان دہی کر کے ان کو دور کیا جائے گا، اور 15 فروری سے جماعت دہم کے موک امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔

امتحانات کے لیے پرچوں کو مرتب کرتے وقت نئے طریقہ سوالات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ ایگزام ایمرجنسی کے تحت ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل مرتب کیا جائے گا جس میں تعلیمی تعطیلات کے علاوہ اس طالب علم کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو درج کیا جائے گا، یہ پروفائل رجسٹر محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کسی بھی وقت دورہ کر کے چیک کر سکیں گے۔

ایگزام ایمرجنسی میں طلبہ کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کا حکم دیا گیا ہے، اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحانات کے انعقاد تک والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کر کے انہیں سکولز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بہترین تعلیمی کے حصول کے لیے اپنے بچوں کی گھروں پر موثر نگرانی کرنے پر قائل کیا جائے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے امتحانی پرچوں کے حوالہ سے اپنی پالیسی تبدیل کر دی ہے، لہذا ٹیسٹ اور امتحانی پرچوں کو ترتیب دیتے ہوئے اساتذہ نئی پالیسی کو مدنظر رکھیں۔

ہدایات میں سرکاری سکولوں کے تمام طلبہ پر امتحانوں کے حوالہ سے خصوصی توجہ دینے پر زور دیا گیا ہے تاہم طلبہ کے کیرئیر کا انحصار چونکہ بورڈ کے امتحانات کے نتائج پر ہوتا ہے، لہذا نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز پر بھرپور توجہ دینے اور سالانہ امتحانات کی متوقع تواریخ کو سامنے رکھ کر نہم، دہم پھر بارہویں اور گیارہویں کے طلباء وطالبات کے لیے نصاب کی تکمیل، دہرائی اور پریکٹس ٹیسٹ کا شیڈول مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سکولوں کے تمام رجسٹرڈ بچوں کی بورڈ کے امتحانات میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ ایگزام ایمرجنسی کے دوران سکول سربراہان اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی بنائی جائے گی، بہترین نتائج حاصل کرنے والے سکول کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کو اعزازات دیے جائیں گے۔

پہلے سے بہتر نتائج نہ دینے والے سکول سربراہان کو اپنی کارکردگی کے حوالہ سے جواب دہ کیا جائے گا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سی ای اوز ایجوکیشن، ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور دیگر تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایگزام ایمرجنسی کے دوران بہترین نتائج کے لیے تسلسل سے سکولوں کے وزٹ اور تمام نکات پر موثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اس مہم کے تناظر میں سکول انتظامیہ کی رہنمائی اور معاونت کریں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button