ویمن یونیورسٹی میں بلڈ بینک کا انعقاد
ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام فاطمید فاؤنڈیشن نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی قیمتی جانیں بچانے کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیمپ کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنا صدقہ جاریہ ہے، ہمارے نبیﷺ کا بھی فرمان ہے کہ جس ایک جان بچائی اس نے جہان کو بچالیا ۔
خوشی اس بات کی ہے کہ ہماری طالبات بے لوث خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جو کہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
اس بلڈ کیمپ سے ان بچوں کی زندگی بچانے میں مدد ملے گی، جو ایک موذی سے لڑ رہے ہیں۔
اس موقع پر فاطمید فاؤنڈیشن کی سربراہ مسز نگہت نے کہا کہ یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دے کر معصوم جانیں بچانے کے عظیم مشن میں پوری طرح مصروف ہیں۔
فاطمید فاؤنڈیشن کی ٹیم نے ویمن یونیورسٹی کی طالبات اور لڑکیوں بالخصوص انتظامیہ کا ہماری آواز پر لبیک کہنے اور اس نیک مقصد میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔