فیڈرل بورڈ نے طلباء کے لیے آن لائن سروسز کا آغاز کر دیا
طلباء کی سہولیات کی فراہمی کےلئے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے مکمل طور پر خودکار عوامی خدمات کا نظام شروع کیا ہے۔
ایف بی آئی ایس ای نے کہا کہ ضروری خدمات جیسے مائیگریشن/این او سی سرٹیفکیٹ کا اجرا، سسٹم کے آغاز کے ساتھ ہی نتائج کی تصدیق، اور ڈپلیکیٹ رزلٹ کارڈز کی فراہمی اب آن لائن دستیاب ہے۔
بورڈ چیئرمین قیصر عالم کے مطابق اس خودکار نظام کی ایک اہم خصوصیت اس کا صارف پر مبنی ڈیزائن ہے جو درخواست کا ایک سادہ اور سیدھا طریقہ فراہم کرتا ہے۔
سیکیورٹی اور صداقت کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنانے کے لیے جاری کردہ دستاویزات کی تصدیق منفرد ٹریکنگ آئی ڈی یا دستاویز پر فراہم کردہ تصدیقی لنک کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
بورڈ میں مکمل طور پر خودکار عوامی خدمات کے نظام کا آغاز عملے کی کارکردگی، شفافیت اور امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔