سیلاب سے متاثرہ سکولوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں گزشتہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے بہتر حکمت عملی کے ذریعے موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ ضلعی حکام کے ساتھ کوارڈی نیشن کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے۔
وہ گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں سیلاب کے حوالے سے ریسپانس پلان اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے جائزے کے لیے قائم ایجوکیشن سیکٹر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، سیکشن آفیسر حنا چوہدری کے علاوہ محکمہ تعلیم، محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، محکمہ سپیشل ایجوکیشن، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ سوشل ویلفیئر، ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور یونی سیف کے حکام، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سی ای اوز ایجوکیشن اور آفات زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے تاریخ کے بد ترین سیلاب و مون سون کی خطرناک تباہ کن بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سکولوں کا انفراسٹرکچر تہس نہس ہو گیا تھا جب کہ کئی سکولوں کی عمارتیں ملیامیٹ ہو گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کلائمیٹ کی تبدیلی کے بعد قدرتی آفات بڑھتی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے نکتے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سیلاب زدہ سکولوں میں ڈیزاسٹر رسک میں کمی کی پالیسیوں اور حکمت عملیوں کا اطلاق ہے تاکہ نئے آفات کے خطرے کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے دوران آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اہداف اور مخصوص مقاصد کا فوری تعین کیا جائے اور متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے حوالے سے تمام ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جائے۔