یونیورسٹیوں کا مالی بحران، اکیڈمک سٹاف نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی
فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) کی کال پرآج جمعرات اے ایس اے نے یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن جامعہ زکریا ملتان ایڈمن بلاک کے سامنے صبح دس بجے احتجاجی مظاہرہ کرے گی، جس میں جامعہ زکریا ملتان کی ایمپلائز یونین اور آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بھی شریک ہوں گی۔
یہ یوم ِ سیاہ اور احتجاجی مظاہرہ فیڈرل گورنمنٹ کی طرف سے صوبائی چارٹر کے تحت قائم پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں کی ریکرنگ گرانٹ کو ختم کرنے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبدالستار ملک اور سیکرٹری ڈاکٹر خاور نوازش نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ ایشو یونیورسٹیوں سے زیادہ ہماری اُس سوسائٹی کا ایشو ہے، جن کے بچے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اگر صوبائی یونیورسٹیوں کی ریکرنگ گرانٹ ختم کر دی جاتی ہے اور مرکزی ایچ ای سی کوایک محدود سا بجٹ دے کر صرف مرکز سے چارٹرڈ یونیورسٹیوں پر اُسے خرچ کرنے تک محدود کر دیا جاتا ہے تو صوبائی یونیورسٹیوں شدید معاشی بحران کا شکار ہو جائیں گی اور اس کا تمام بوجھ دراصل پوری سوسائٹی پر آئے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں اعلیٰ تعلیم شامل نہیں اور وہ یونیورسٹیوں کی خود مختاری ختم کرنے یا ان کی نجکاری کرنے کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس کے خلاف ہر سطح پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور اس عمل کو روکنے کے لیے یونیورسٹی اساتذہ، ملازمین اور طلبا ہر سطح تک جائیں گے۔