ویمن یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن کی تقریب کی ریہرسل آج ہوگی
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی کا چھٹا کانووکیشن کل بروز سوموار چار دسمبر کو ہوگا، جس میں چانسلر / گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان شرکت کریںگے، تقریب کو احسن طریقے سے تکمیل تک پہنچا نے کےلئے ریہرسل کا انعقاد کیا جائے گا ۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر طاہرہ یونس کا کہنا ہے کہ تمام طالبات اور فیکلٹی ممبران کا اس تقریب میں شرکت کرنا لازم ہے، جو ریہرسل میں شرکت نہیں کرے گا وہ مرکزی تقریب میں شامل نہیں ہوسکے گا، ریہرسل میں شرکت کرنے والی طالبات اپنا رجسٹریشن کارڈ اپنے ساتھ لائیں گی، جو ان کے شعبے سے جاری کیا جائے گا، جبکہ کانووکیشن کا کاسٹیوم کرائے پر دستیاب ہوگا، کاسٹیوم کرائے پر دینے والی فرم ریہرسل تقریب سے قبل متی تل کیمپس میں موجود ہوگی، جو سیکورٹی کے عوض کاسٹیوم کرائے پر دے گی۔
کانووکیشن میں طالبات کے اہل خانہ بھی شرکت کرسکیں گے، تاہم ان کو یونیورسٹی کے قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔
دریں اثناء رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے ریہرسل تقریب کےلئے انتظامات کا جائزہ لیا، اور تمام عملے کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔